آج جب اہل دیالیٰ کے اہل سنت، شیعہ، عرب، ترکمان اور ديگر اقوام اور قبائل کا مشترکہ جلوس عزاء کربلا پہنچا تو ان کے ہاتھوں میں موجود دنیا کے طویل ترین پرچم نے ہر ایک کی نظروں کو اپنی طرف مبذول کر لیا یہ پرچم کسی ملک یا قوم کا نہیں بلکہ تمام انسانوں اور انسانیت کے محسن امام حسین علیہ السلام کا تھا کہ جس کی لمبائی (4000) میٹر یعنی چار کلو میٹر ہے۔
عاشور کے دن کربلا میں امام حسین علیہ السلام کا علم حضرت عباس علیہ السلام کے فولادی ہاتھوں میں تھا اور آج دنیا کے طویل ترین حسینی علم کو اٹھانے کا شرف عراق کے شہر دیالیٰ سے تعلق رکھنے والے تمام قبائل نے حاصل کیا۔
امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نکالے گئے اس جلوس میں دیالیٰ کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے دسیوں ہزار افراد نے شرکت کی، کہ جن میں دیالیٰ کے قبائل کے سرداروں، دیالی کی صوبائی حکومت کے ارکان، دیالیٰ کے سرکاری اداروں کے ملازمین، ہسپتالوں کے طبی عملہ اور دیالیٰ سے تعلق رکھنے والے عسکری اہکاروں سمیت ہر طبقہ کی نمائندگی کرنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اہل دیالی نے اس جلوس کو "الحسين يوحِّدنا" (امام حسین نے ہمیں متحد کیا ہے) کا نام دیا۔