امام مہدی(ع) کی تاج پوشی سے مراد اور اس دن کی اعمال.....

تاج پوشی سے مراد:

9 ربیع الاول وہ دن ہے جس میں امام مہدی علیہ السلام نے 260ھ میں اپنے والد گرامی کی شھادت کے بعد باقاعدہ طور پر امامت کے فرائض کو سنبھالا۔ مسند امامت پر جلوہ افروز ہوتے وقت آپؑ کی عمر 5 سال تھی۔



اور آپ ؑ کے فرائض امامت کو سنبھالنے کو ہی عرف عام میں تاج پوشی سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ (تاج پوشی سے یہ مراد نہیں ہے کہ دنیاوی بادشاہوں کی طرح آپؑ کو کوئی تاج وغیرہ پہنایا گیا)

کم عمری میں امامت کے فرائض کا انجام دینا انبیاء علیھم السلام اور آئمہ اہل بیت علیھم السلام کی تاریخ میں کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ جناب عیسیٰ علیہ السلام سمیت بہت سے انبیاء (ع) نے کم عمری میں فرائض نبوت کو سنبھالا اور دین حق کی ترویج و اشاعت کے فرائض سر انجام دئیے۔ آئمہ اطہار علیھم السلام میں سے امام محمد تقی علیہ السلام اور امام علی نقی علیہ السلام بھی امام زمانہ علیہ السلام سے پہلے کم عمری میں ہی مسند امامت پہ جلوہ افروز ہوئے۔

ابن حجر حیثمی شافعی امام حسن عسکری علیہ السلام کے بارے میں لکھتے ہیں (ولم يخلّف (الإمام العسكري عليه السلام) غير ولده أبي القاسم محمد الحجة عليه السلام, وعمره عند وفاة أبيه خمس سنين لكن آتاه الله فيها الحكمة)

ترجمہ:امام حسن عسکری علیہ السلام کی ابوالقاسم محمد الحجۃ علیہ السلام کے علاوہ کوئی اولاد نہیں تھی اور اپنے والد کی وفات کے وقت ان(ابوالقاسم محمد الحجۃ ؑ ) کی عمر 5 سال تھی اور اس کم عمری میں اللہ نے انہیں دانائی سے نوازا تھا۔

اس دن میں خوشی کا اظہار:

اہل بیت علیھم السلام کے چاہنے والوں کے لیے یہ دن خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ وہ دن ہے جس میں آخری امام علیہ السلام نے باقاعدہ طور پر فرائض امامت کو سر انجام دینے شروع کیا لہٰذا ہر مومن اس دن کو عید قرار دیتا ہے اور خوشی کا اظہار کرتا ہے۔

اس دن کے اعمال:
اس دن نئے کپڑے پہننا، امام زمانہ علیہ السلام اور مومنین کو اس مناسبت کی مبارک باد دینا، ضرورت مند مومنین کی مدد کرنا، امام زمانہ علیہ السلام کی زیارت پڑھنا،خدا کا شکر بجا لانا اور خوشی کا اظہار کرنا اس دن کے اعمال میں سر فہرست ہیں۔
غیبت صغری کی ابتداء:

نو ربیع الاول ہی وہ دن ہے جس میں امام زمانہ علیہ السلام لوگوں کی نظروں سے پردہ غیب میں چلے گئے اور مومنین کا امام زمانہ علیہ السلام کے ساتھ رابطہ سفراء کے ذریعے شروع ہوا۔ غیبت صغری اور سفراء اربعہ کے ذریعے امام زمانہ علیہ السلام سے رابطہ کا سلسلہ تقریبا70 سال تک جاری رہا جس کے بعد غیبت کبری شروع ہو گئی اور اب تک ہم غیبت کبری کے زمانہ میں زندگی گزار رہے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: