روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ذیلی ادارے’’مرکز العمید برائے تحقیق و تعلیم‘‘ اور قادسیہ یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے عید میلاد النبی(ص) کے پر مسرت موقع پر ایک ثقافتی جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلاب اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس جشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور شھداء کے فاتحہ خوانی سے ہوا اس کے بعد رسول خدا(ص) کے حالات زندگی پر مشتمل ایک دستاویزی فلم دیکھائی گئی۔
جس کے بعد بالترتیب روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے نمائندے ڈاکٹر عادل نذیر اور جشن کی انتظامیہ کے نمائندے ڈاکٹر سرحان جفات نے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں رسول اکرم(ص) کی سیرت و تعلیمات کے بارے میں گفتگو کی۔
جشن کے دوران شعراء نے نبی کریم(ص) اور اہل بیت(ع) کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا اور حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔
تقریب کے اختتام پہ جشن کا انتظام کرنے اور اسے کامیاب بنانے والوں میں تحائف اور اعزازی سندیں بھی تقسیم کی گئیں۔