روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل کلچرل و میڈیا سینٹر کے شعبہ’’دار الکفیل برائے ترجمہ‘‘ نے حال ہی میں کربلا کے مقدس روضوں میں پڑھی جانے والی زیارات کا عربی سے انگریزی زبان میں دقیق ترین ترجمہ شائع کیا ہے اور اس کے ساتھ مخصوص زیارات کے ترجمہ کو بھی ملحق کیا ہے۔
مذکورہ سنٹر کے انچارج جسام محمد سعیدی نے بتایا ہے کہ اس سے پہلے پاکستان، ہندوستان اور برطانیہ میں زیارات کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا ہے لیکن ترجمہ کرنے والے تمام افراد کی مادری زبان عربی نہیں تھی جس کی وجہ سے بعض مقامات پر فن ترجمہ کی رو سے کمی دیکھائی دیتی تھی لہٰذا سنٹر نے انگریزی ترجمہ میں دسیوں سالوں سے کام کرنے والے عراقی مترجم حسین محسن بزاز کو زیارات کا ترجمہ کرنے کی ذمہ داری سونپی کہ جنہوں نے ان کا دقیق ترین ترجمہ کر کے انگلش لائبریری میں ایک بہترین اضافہ کیا اور اب یہ ترجمہ ڈیزائننگ اور صفحہ بندی کے بعد پرنٹ ہو کے زائرین کے ہاتھوں میں ہے۔