ہمارے وہ عظیم شہداء کہ جن کا خون سرزمین عراق پر بہا دیا گیا، یقینا وہ جنۃ الخلد میں بلند مرتبے پر فائز ہیں، لیکن ان کا ہم پر کم سے کم حق یہ ہے کہ ہم ان کی بیواگان، یتیموں اور ان کے خاندانوں کا خیال رکھیں، کیونکہ ان خاندانوں کی دیکھ بھال، رہائش، صحت، تعلیم اور زندگی کے دوسرے اخراجات کا مہیا کرنا ایک قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ وہ قوم کامیاب نہیں ہوسکتی جو اپنے شہیدوں کے خاندانوں کی پروا نہ کرے کہ جنہوں نے اپنے ملک کی عزت و وقار کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں ،یہ کام بنیادی طور پر حکومت اور پارلیمنٹ کا ہے کہ وہ شہداء کےخاندانوں کو اور خاص طور پر داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والوں کےلواحقین کو ایک مناسب و باعزت زندگی گزارنے کے لئےمعقول اخراجات فراہم کرے۔
اس بات کا اظہار نجف اشرف میں موجود اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ الوارف کے خصوصی نمائندے اور روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المہدی کربلائی(دام عز) نے 26 ربیع الاول 1439 ھ بمطابق 15 دسمبر 2017ء کو صحن حسینی میں نماز جمعہ کے دوسرے خطبہ میں کیا۔