عرب دنیا میں کتابی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور اس شعبہ میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی لائبریری و دار المخطوطات نے عرب فیڈریشین فار لائبریری اینڈ انفارمیشن کے ساتھ مشترکہ تعاون کا معاہدہ کیا ہے کہ جس پر فیڈریشن کے ایگزیکٹیو ڈاکٹر خالد حلبی اور روضہ مبارک کی لائبریری کے رکن فارس عدنان حسین نے دستخط کیے ہیں اور اس موقع پر فیڈریشن کے شریک مؤسس ڈاکٹر جاسم جرجیس بھی موجود تھے۔
اس معاہدے کی رو سے روضہ مبارک کی لائبریری مصر میں قائم اس فیڈریشن کی شریک رکن شمار ہو گی اور دونوں اطراف مل کر اس شعبہ کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور لائبریری اور انفارمیشن کے حوالے سے تیار کیے جانے والے مقالوں میں ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا۔