روح النبوۃ ثقافتی سیمینار کا آغاز اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی شرکت.....

حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کے جشن میلاد کی مناسبت سے بروز جمعرات 19 جمادی الثانی 1439 ھ بمطابق 8 مارچ 2018ء کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل گرلز سکولز میں دوسرے سالانہ روح النبوۃ ثقافتی سیمینار کا آغاز اس عنوان کے تحت ہوا(فاطمة "عليها السلام" فيضُ الندى ونسيمُ الجنان)

سیمینار کی افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ)اور سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر(دام تائیدہ) اور ملکی و غیر ملکی سکالرز اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور شھداء کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا جس کے بعد علامہ صافی نے حاضرین سے خطاب کیا اور جناب سیدہ نساء العالمین(س) کے جشن میلاد پہ تمام مسلمانوں اور محبان اہل بیت علیھم السلام کو مبارک باد پیش کی۔

علامہ صافی نے اپنے خطاب میں جناب فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کی حیات طیبہ پہ روشنی ڈالی اور اپنے خطاب کے دوران جناب سیدہ (س) کی فضیلت کے بارے میں کہا: حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا تاریخ کے حاشیہ میں موجود کوئی خاتون نہیں ہیں بلکہ جناب سیدہ ایسے عناوین کے مجموعہ کا نام ہے کہ جن میں سے ہر عنوان ہم سے غور و فکر کا مطالبہ کرتا ہے جناب سیدہ(س) کا ایک بہت بڑا عنوان یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی رضا سے راضی ہوتا ہے اور ان کے غضبناک ہونے سے غضبناک ہوتا ہے یہ ایک بہت بڑا عنوان ہے کہ جو کسی کو بھی حاصل نہیں ہے آسمانوں اور زمینوں میں جو کچھ بھی ہے وہ سب مل کر بھی اس منزلت پر نہیں پہنچ سکتے کہ ان کے غضب ناک ہونے سے اللہ غضب ناک ہو یہ ایک مختصر حدیث ہے لیکن اس کی گہرائی آسمانوں اور زمینوں کی گہرائی تک پھیلی ہوئی ہے۔ جناب فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کا ایک عنوان سیدہ نساء العالمین (س) بھی ہے یہ ایک مختصر عبارت ہے جس کا معنی یہ ہے کہ خواتین چاہے جتنی بھی جلالت و عظمت اور تقوی پہ فائز ہو جائیں ان کی سردار بغیر کسی نزاع کے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا ہے۔ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کو صدیقہ بھی کہا جاتا ہے اور یہ ایک بہت بڑا عنوان ہے جس کے مطابق ان کی کسی بات کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ یہ عناوین اور القابات نبی کریم(ص) اور آئمہ اطہھار علیھم السلام نے بیان کیے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کا اصدار اللہ کی جانب سے ہوا ہے۔ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا نبوت اور امامت کے درمیان واسطہ ہیں.....

علامہ صافی کے بعد قرآن انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین کی طالبات نے تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا اور اس کے بعد کفیل گرلز سکولز کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دیکھائی گئی۔

اس کے بعد معروف سکالر تیجانی سماوی نے خطاب کیا اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کے فضائل اور مصائب کے حوالے سے گفتگو کی۔

اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مجلس ادارہ کے رکن جناب سید عدنان موسوی نے جناب سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس تقریب میں شھداء اور ان کے پسماندگان کے حوالے سے بھی ایک دستاویزی فلم نشر کی گئی اور وہاں مدعو شھداء کی بیوگان اور امھات کو تحائف پیش کیے گئے۔

آخر میں مختلف فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا گیا اور بہترین قرار دئیے گئے فن پاروں کو تخلیق کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: