خاندانی ثقافت سے آگاہی اور فیملی مسائل کے حل کیلئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے مرکز برائے خاندانی ثقافت کا افتتاح

صحیح خاندانی و عائلی ثقافت کے فروغ، فیملی مسائل و اختلافات کے حل اور گھریلو امور میں تبادلہ خیال و رائے مشورہ کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے حال ہی میں مرکز برائے خاندانی ثقافت کھولا ہے تاکہ عراقی خاندان اور معاشرے کو پرسکون زندگی کے حصول میں مدد فراہم کی جا سکے۔

اس مرکز کے افتتاح کا اعلان روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ) نے خود روح النبوۃ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے معاشرے میں خوشی، سکون، ترقی اور تعلیم و تربیت کے لیے مزید کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مذکورہ مرکز کی انچارج ڈاکٹر نضال حدیدی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مرکز روضہ مبارک کے تحت کام کرنے والے "مركز الصدّيقة الطاهرة للأنشطة النسويّة " کا ایک یونٹ ہے اور اس کو کھولنے کا مقصد فیملی مسائل سے بچنے کے طریقوں سے آگاہی، گھریلو مشکلات کے حل کے لیے رائے مشورہ اور ایک پرسکون اور خوش وخرم گھریلو ماحول قائم کرنے کی تعلیم و تربیت دینا ہے کیونکہ گھروں میں افراد کے درمیان اکثر اختلافات کا سبب اطراف میں شعور و آگاہی کی کمی ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اس مرکز میں کام کے لیے معاشرتی و نفسیاتی امور کے ماہرین، مذہبی سکالرز اور خاندانی امور میں تجربہ رکھنے والے افراد کی خدمات حاصل کی گئيں ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: