روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور ذی قار یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے جشنِ میلادِ حضرت فاطمہ(ع) کا انعقاد

گزشتہ سات سالوں کی طرح امسال بھی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے یونیورسٹی تعلقات سیکشن کی طرف سے ذی قار یونیورسٹی میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کے جشن میلاد کی مناسبت سے سیمینار منعقد ہوا جس میں یونورسٹی کے اساتذہ اور طلاب کے علاوہ روضہ مبارک کے ایک اعلی سطحی وفد نے شرکت کی۔

سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا اس کے بعد عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا مخصوص ترانہ پڑھا گیا۔

اس کے بعد ذی قار یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر ریاض شنتل نے خطاب کیا اور حضرت فاطمہ(س) کے بعض فضائل و مناقب بیان کیے اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے معاشرے اور تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے 2003 سے شروع ہونے بھرپور تعاون اور اقدامات کا ذکر کیا۔

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ڈپٹی سیکرٹری بشير محمد جاسم ربيعی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے حاضرین کو جناب زہراء(س) کے جشن میلاد پر مبارک باد پیش کی اور حضرت فاطمہ(ع) کو انسانیت کے لیے معنوی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہراء(س) کا وجود ایک معنوی وجود ہے جب بھی حضرت فاطمہ(س) کا نور کسی دل میں داخل ہوتا ہے تو اس کے ساتھ کی خدا کی رحمت اور خدا کا نورِ ہدایت بھی دل میں حاضر ہو جاتا ہے، یہ ایک حقیقی نعمت ہے حضرت فاطمہ(س) کے نور کا دل میں ہونا ہدایت کا دل میں ہونا ہے اور سب سے افضل دل وہی ہے جس میں جناب زہراء(س) کی معرفت ہو، جو دل حضرت فاطمہ(س) اور ان کے بیٹوں کی محبت اور ان پر ایمان سے آباد ہوتے ہیں وہی دل ’’قلوب واعية‘‘ میں شمار ہوتے ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری کے خطاب کے بعد جناب علی حسین زیدی نے جناب زہراء(س) کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس کے بعد ڈاکٹر عدنان مالح ساجت نے اپنا تحقیقی مقالہ پڑھا جس کا عنوان تھا: (فاطمة الزهراء في مرويّات السيرة الشريفة)۔

اس مقالہ کے بعد حیدر خشّان اور حسن زركانی نے حضرت فاطمہ(ع) کی شان میں اشعار پڑھے اور حاضرین سے دادِ تحسین حاصل کی۔

سیمینار کے اختتام پر حضرت فاطمہ(ع) کی حیات طیبہ کے بارے میں ہونے والے مقابلے میں کامیاب ہونے والے افراد میں انعامات تقسیم کیے گئے اور سیمینار کو کامیاب بنانے کے لیے کام کرنے والے حضرات کو اعزازی اسناد اور شیلڈز دی گئيں۔

سیمینار کے ضمن میں کتابوں، تصاویر اور پینٹنگز کی ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا گيا تھا.
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: