امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کی اسلام آباد میں بین الاقوامی علماء و مشائخِ اسلام کانفرنس میں شرکت

بروز جمعرات 29مارچ2018ء بمطابق11 رجب 1439ھ کو پاکستانی دار الحکومت اسلام آباد میں پانچویں سالانہ بین الاقوامی علماء و مشائخِ اسلام کانفرنس جامعہ کوثر کے مرکزی ہال میں منعقد ہوئی جس میں روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اعلی سطحی وفد سمیت تمام اسلامی مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ نے شرکت کی۔

جامعہ کوثر کے مرکزی ہال میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا آغاز روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مؤذن قاری عادل کربلائی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جس کے بعد مسلمانوں کے مختلف مکاتب ِفکر سے تعلق رکھنے والے جیّد علماء کرام و مشائخ عظام نے یکے بعد دیگرے خطاب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اُمت مسلمہ کی سرخروئی و سرفرازی کا راز اتحاد بین المسلمین میں مضمر ہے اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ باہم متحد ہو کر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لئے علماء کرام و مشائخ عظام کو اُمت کی بہتر رہنمائی کے لیے خود میدان میں اترنا ہو گا۔

علماء کرام و مشائخ عظام نے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں داعش کے اثرات اور خطرناک سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔

بین الاقوامی علماء و مشائخ اسلام کانفرنس سے جن سکالرز نے خطاب کیا ان میں کانفرنس کے مہمانان خصوصی حوزہ علمیہ نجف اشرف کے استاد علامہ سید محمد علی حلو اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے امام جماعت علامہ سید جلو خان موسوی، علامہ سید ساجد علی نقوی، جامعہ کوثر کے سربراہ علامہ شیخ محسن علی نجفی، پیر ضیاء اللہ شاہ بخاری، جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر عبدالغفور حیدری، متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی مرکزی سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی سرفہرست ہیں۔

مقررین نے جامعۃ الکوثر کی طرف سے علماء و مشائخ اسلام کانفرنس کے انعقاد کو اتحاد بین المسلمین کی بقاء اور عالم اسلام کو درپیش چلینجز سے نمٹنے کے لیے بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کاوشین مسلسل انجام پذیر ہوئیں تو عالم اسلام باہم متحد ہو کر اسلام و انسانیت دشمن قوتوں کا مقابلہ اسلامی جذبے سے سرشار ہو کر کرنے میں کامیاب ہوسکے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، مگر بدقسمتی سے دشمن فرقہ واریت کا بیچ بو کر اس آفاقی دین کو بدنام کرنے کی مکروہ کوشش میں مصروف عمل ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: