علی(ع) ہی ہمارا وہ خیمہ ہے جس نے ہمیں مسافتوں کی دوری اور زبانوں، علاقے اور مذاہب کے مختلف ہونے کے باوجود ہمیں اکٹھا کیا ہے۔
جو چیز ہمیں متحد کرتی ہے وہ محبت، انسانیت اور عقل کی طرف رجوع ہے۔
ان خیالات کا اظہار کارگل میں منعقد ہونے والے جشن امیر المومنین (ع) میں شرکت کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کے سربراہ سید عقیل یاسری نے جشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
بروز جمعرات 18 رجب 1439ھ بمطابق 5 اپریل 2018ء کو کارگل میں منعقد ہونے والے چھٹے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کی افتتاحی تقریب حوزہ علمیہ اثناء عشریہ میں اس عنوان کے تحت منعقد ہوئی:’’ امیر المومنین علیہ السلام اولین عبادت گزار اور زاہد ترین شخصیت‘‘۔
افتتاحی تقریب میں اہل کارگل کے دسیوں ہزار مومنین اور روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے اعلی سطحی وفود نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران سید عقیل یاسری کا کہنا تھا:
سب سے پہلے میں روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المھدی کربلائی(دام عزہ) اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ) اور دیگر مقدس روضوں کے اداری سربراہان اور حرموں کے خدام کے خصوصی سلام اور نیک تمناؤں کو پہنچانا چاہتا ہوں۔ یہ ہمارے لیے بہت ہی شرف کی بات ہے کہ ہم ہندوستان کے اس شہر میں اپنے عزیز ترین بھائیوں سے مل رہے ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک تاریخی شہر ہے اور اس کا تہذیب و تمدن گزشتہ قدیم ترین ادوار سے جا ملتا ہے۔
سید عقیل کا مزید کہنا تھا یہ جشن اس شخصیت پہ روشنی ڈالتا ہے کہ جس کی معرفت کے اسرار کو جاننے سے عقول و اقلام عاجز ہیں اور ایسا کیوں نہ ہو خود رسول اکرم(ص) نے فرمایا: (يا عليّ لا يعرف الله إلّا أنا وأنت، ولا يعرفني إلّا الله وأنت، ولا يعرفك إلّا الله وأنا) اے علی(ع) اللہ کی معرفت سوائے میرے اور تمہارے کسی کے پاس نہیں ہے، اور میری معرفت سوائے اللہ اور تمہارے کسی کے پاس نہیں ہے اور تمہاری معرفت سوائے میرے اور اللہ کے کسی کے پاس نہیں ہے۔