روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں محفل قرآن کے ساتھ چودھویں ربیع الشھادۃ سیمینار کے تیسرے دن کی تقریبات کا اختتام.....

چودھویں سالانہ بین الاقوامی ربیع الشھادۃ ثقافتی سیمینار کے تیسرے دن کے آخری تقریب روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے صحن میں ایک پُر نور محفل قرآن کی صورت میں منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر، روضہ مبارک متعدد سیکشنوں کے سربراہان اور جشن میں شرکت کے لیے آئے ہوئے ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بروز اتوار 5 شعبان 1439ھ بمطابق 22 اپریل 2018ء کوصحن عباسی میں منعقد ہونے والی اس محفل قرآن میں سب سے پہلے قاری علی محمد نجب نے خوبصورت انداز میں تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا کہ جن کا تعلق عراق سے ہے اور وہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے’’ امیر القراء پروجیکٹ‘‘ کا حصہ ہیں۔ ان کے بعد افغانستان سے تعلق رکھنے والے قاری محمد علی فروغی نے سامعین کے دلوں کو تلاوت قرآن مجید سے منور کیا۔ اس محفل میں قاری احمد جمال کو تیسرے نمبر پر تلاوت قرآن مجید کا موقع ملا عراق سے تعلق رکھنے والے اس قاری نے بہت ہی بہترین تلاوت قرآن کی بدولت حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔ اس محفل کے آخری قاری ایران سے آئے ہوئے مہمان سید محمد جواد حسینی تھے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور خوبصورت انداز تلاوت کے ذریعے اس محفل کی رونق دوبالا کردی۔

اس محفل کے دوران ایران سے تعلق رکھنے والے جناب عباس سلیمی نے حاضرین سے خطاب کیا اور دونوں مقدس روضوں کی طرف سے قرآنی منصوبوں کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے پر شکریہ ادا کیا۔

محفل کے اختتام پر قاریان قرآن اور محفل کی انتظامیہ میں اعزازی اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: