چودھویں سالانہ ربیع الشھادۃ ثقافتی سیمینار کے ضمن میں منعقد ہونے والی کتابی نمائش’’معرض کربلا الدولی‘‘ کو دیکھنے والوں کا رش رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا افتتاح کے دن سے لے کر اب تک ہر وقت نمائشی ہال میں مہمانوں کا جم غفیر نظر آرہا ہے۔
نمائش کو دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اس سال منعقد ہونے والی یہ نمائش ہر حوالے سے گزشتہ سالوں کی نمائش سے بہت بہتر ہے اور ہزاروں عناوین پر مشتمل کتابوں، انتظامات اور دیگر امور کے حوالے سے یہ نمائش اپنا ثانی نہیں رکھتی۔
واضح رہے کہ بروز اتوار(28رجب 1439هـ) بمطابق(15اپریل2018ء) کو ما بین الحرمین میں لگنے والی یہ کتابی نمائش10 دن تک جاری رہے گی اور اس کا اختتام 8 شعبان1439ھ بمطابق 25 اپریل 2018ء کو ہو گا اس مرتبہ اس نمائش میں عراق، ایران، برطانیہ ،لبنان، مصر،اردن اور سوریا سے تعلق رکھنے والے133 کتابی اداروں اور ناشرین نے اپنی کتابوں کو نمائش کے لیے پیش کیا ہے۔
نمائش کے انچارج ڈاکٹر مشتاق معن نے الکفیل نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نمائش کے لیے (3000) مربع میٹر رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں 133 سے زیادہ کاؤنٹرزاور سٹالز لگائے گئے ہیں کہ جہاں نمائش میں شریک ناشرین اور کتابی ادارے اپنی اپنی منشورات کو نمائش کا حصہ بنائے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ معرض کربلا الدولی للکتاب نامی یہ نمائش حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہر سال منعقد ہونے والے ربیع الشھادۃ ثقافتی جشن کی تقریبات کا اہم حصہ ہے یہ جشن گزشتہ تیرہ سال سے حضرت امام حسین علیہ السلام ،حضرت عباس علیہ السلام اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔