روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ادارہ ہر آنے والے زائر کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے دسیوں شعبے دن رات سر گرمِ عمل رہتے ہیں اور انہی شعبوں میں سے ایک شعبہ کی ذمہ داری صرف معذور، بیمار اور بزرگ زائرین کو زیارت کروانا ہے۔
مذکورہ شعبہ کے انچارج رياض خضير حسن نے الکفیل نیٹ ورک سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ ہمارے شعبہ کا عملہ روضہ مبارک کے بیرونی دروازوں اور حرم تک آنے والی سڑکوں کی ابتداء میں تعینات رہتا ہے اور برقی گاڑیوں کے ذریعے معذور، بیمار اور بزرگ زائرین کو روضہ مبارک کے بیرونی دروازوں تک لاتا ہے اور وہاں سے ویل چئیرز پر ضریح مبارک کے پاس لے جانے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے اور انہیں زیارت کروانے کے بعد برقی گاڑیوں تک لے کر آتا ہے کہ جہاں سے وہ ان مخصوص گاڑیوں میں بیٹھ کے روضہ مبارک تک آنے والی سڑکوں کی ابتداء تک جاتے ہیں۔
واضح رہے زائرین کو مدد فراہم کرنے والے ان ہنستے مسکراتے خدام کو باقاعدہ طور پر معذور، بیمار اور بزرگ زائرین کی مدد کرنے اور انہیں زیارت کروانے کی تربیت دی گئی ہے تا کہ وہ اپنے فرائض کو بہتر سے بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔