چوتھے سالانہ قومی قرآنی مقابلہ میں واسط کی ٹیم کی جیت......

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے منعقد کیے جانے والے چوتھے سالانہ قومی قرآنی مقابلہ کے فائنل میں واسط اور نجف اشرف کی ٹیم میں دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ ہوا کہ جس کا اختتام واسط کی ٹیم کی جیت پر ہوا۔

پہلی اور دوسری پوزیشن کے لیے ہونے والے اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے مومنین کی بڑی تعداد حاضر تھی اورنوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور قرآنی علوم کی نشرواشاعت میں مزید ترغیب پیدا کرنے کے لیے علمی، ثقافتی اور دینی شخصیات نے بھی شرکت کی جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر (دام تأييده) بھی مدعو تھے۔

مقابلہ کے اختتام پر روضہ مبارک کے سکرٹری جنرل نے دونوں ٹیموں کے ارکان میں انعامات تقسیم کیے اور اس مقابلہ کا انعقاد کرنے والی کمیٹی اور ججز کو اعزازی اسناد اور تحائف پیش کیے۔

اسی قرآنی مقابلہ کے ضمن میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے حشد شعبی اور دیوانیہ کی ٹیم کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا کہ جس کا اختتام حشد شعبی کی ٹیم کی جیت اور تیسری پوزیشن کے حصول پر ہوا۔

واضح رہے یہ قرآنی مقابلہ ہر سال رمضان المبارک میں منعقد کیا جاتا ہے اس مرتبہ ان مقابلوں کی ابتداء یکم رمضان سے ہوئی اور چار مراحل سے گزرنے کے بعد یہ مقابلہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوا۔

اس بات کا بھی ذکر کرتے چلیں کہ ہر ٹیم تین افراد پر مشتمل ہوتی ہے کہ جن میں سے ایک قاری دوسرا مفسر اور تیسرا حافظ قرآن ہوتا ہے۔ اس مقابلے میں ججز کے فرائض قرآنی علوم کے ماہرین کی ایک ٹیم سر انجام دے رہی ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: