احیائے رسوم عاشورہ کے سلسلے میں روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام میں 20 ذی الحجہ 1439ھ بمطابق 1 ستمبر 2018 کو ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام، مواکب حسینی کے نمائندوں اور اہم عراقی و اسلامی شخصیات نے شرکت کی۔
عاشورہ محرم کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اس کانفرنس میں عاشورہ محرم کے انتظامی امور، خدمات اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں لائحہ عمل طے کیا گیا۔
کانفرنس کا انعقاد تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سیکرٹری جنرل کی جانب سے انچارج شعبہ شعائر حسینی جناب الحاج ریاض نعمہ السلمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
محبان اہل بیت علیھم السلام کے دو پَر ہیں ایک عید غدیر اور دوسرا عاشورہ امام حسین علیہ السلام ۔ اس لیے ہم ہر سال اس موقع پر مواکب حسینی، کربلا کے عمائدین، صوبائی و لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ تمام امور کو بحسن خوبی اور احسن طریقے سے انجام دیا جا سکے اور احیائے رسوم حسینی کو بہترین انداز میں تمام دنیا تک پہنچایا جا سکے اور یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب آپ کا تعاون ہمیں حاصل ہو، ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی یہ فریضہ بہترین انداز میں سر انجام دیا جا سکتا ہے۔
اس کے بعد شعبہ شعائر حسینی کے اسسٹنٹ ہیڈ جناب الحاج مازن الوزنی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کانفرنس میں طے شدہ ہدایات اور ڈاریکٹیوز پر عمل کو یقینی بنانا ہے تاکہ تمام رسوم عاشورہ، ماتمی جلوسوں کے انعقاد اور ان کی موومنٹ اور دوسری رسوم عزاداری کو بغیر کسی مشکل یا رکاوٹ کے انجام دیا جا سکے۔
اور ہم امید کرتے ہیں کہ تمام لوگ شریعت اور اعلیٰ مذہبی قیادت کی ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے احیائے رسومِ حسینی اور عزاداری کا انعقاد کریں گے، کسی صورت میں بھی عوامی مقامات پر انتشار یا قبضہ نہیں کریں گے، زائرین کرام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں گےاور ان کا خیال رکھیں گے۔
اس موقع پر سیکورٹی اور سروسز ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں، کربلا کے عمائدین اور مواکب حسینی کے منتظمین نے بھی خطاب کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں اور بہت سے دوسرے امور کو بھی زیر بحث لائے۔
سب نے عزاداری امام حسین علیہ السلام پر اپنے تعاون اور مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم سب عزاداری امام حسین علیہ السلام کی خدمت کے لیے دل و جان سے حاضر ہیں۔