اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی(دام ظلہ الوارف) کے خصوصی نمائندے اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) اس وقت ماہرین کی ایک ٹیم کے ہمراہ بصرہ میں موجودہ ہیں اور وہ بصرہ میں پانی کی کمی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔
علامہ صافی نے بصرہ میں وہاں کے عمائدین اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران واضح طور پر بتایا ہے کہ مجھے اعلیٰ دینی قیادت نے خصوصی طور پر پانی کی مشکل کو حل کرنے کے لیے بصرہ بھیجا ہے اور میری بصرہ آمد کے سلسلہ میں سوشل میڈیا اور کچھ میڈیا ہاؤسز کی طرف سے جو خبریں نشر کی جا رہی ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے میں یہاں صرف اور صرف اعلیٰ دینی قیادت کے حکم پر ان کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ کوششوں میں لگا ہوا ہوں ہم نے عملی طور پر فوری حل کے لیے کام شروع کر دیا ہے البتہ اس مسئلے کے مستقل بنیادوں پر حل کے لیے ہم میٹنگز کر رہے ہیں اور تقریبا اپنے لائحہ عمل کو مکمل بھی کر چکے ہیں جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم پر عزم ہیں اور اعلیٰ دینی قیادت کے حکم کے مطابق پانی کے اس بحران کو حل کر کے ہی دم لیں گے۔