اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے اور ان کی ٹیم کا ڈیمز اور پانی کی سپلائی لائز کا فضائی دورہ

اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے علامہ سید احمد صافی(دامت برکاتہ) اور ان کی ٹیم کے ہمراہ بصرہ میں موجود الکفیل نیٹ ورک کے نامہ نگار نے تازہ ترین صورت حال کے بارے میں بتایا ہے کہ اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی(دام ظلہ الوارف) کی جانب سے پانی کے بحران کو حل کرنے کے لیے بھیجے گئے وفد کی تاحال تکنیکی اور لاجیسٹیکل ورکس کے سلسلے میں میٹنگز اور عملی اقدامات جاری ہیں۔

علامہ سید صافی کی ٹیم نے بہت سے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں بصرہ کے گردونواح میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہو چکی ہے۔

علامہ سید صافی نے البدعۃ اور العباس واٹر سٹیشن کی مین سپلائی لائنز سے پانی کی غیر قانونی لائنز کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا کیونکہ ان لائنز سے غیر قانونی طور پر پانی فش فارمز اور زرعی علاقوں کو دیا جا رہا تھا۔

سید صافی نے ان لائنز کو جونک سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کا پانی چرا کر مہنگے داموں فروخت کرنا لوگوں کے خون چوسنے کے مترادف ہے یہ شریعت اور عراقی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ سید صافی کے حکم پر البدعۃ واٹر سٹیشن کے لیے 20نئے پمپس خرید لیے گئے ہیں جبکہ دو نئے پمپس کربلا واٹر ڈائریکٹریٹ کی جانب سے بصرہ کے لیے ہدیہ کیے گئے ہیں۔

دریائے دجلہ پر قائم بعض ڈیمز سے پانی کے اخراج اور پانی کی سطح کو دیکھنے کے لیے ماہرین کی ٹیم نے علاقے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اعلیٰ دینی قیادت کے دفتر کی جانب سے دئیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دریائے دجلہ پر القرنة کے مقام پر حالیہ اقدامات کے نتیجے میں پانی کے اخراج میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: