احیاءِ رسوم عاشوراء کے سلسلے میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سیکیورٹی اور سروسز کے پلان کے پہلے مرحلہ پر عمل کر رہا ہے

احیاءِ رسوم عاشورہ کے سلسلے میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے سیکیورٹی اور سروسز کے حوالے سے الگ جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جسے آگے چل کر زیارت اربعین حضرت امام حسین علیہ السلام کے لیے بھی لاگو کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز زائرین کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے گنبد پر عَلَم کی تبدیلی سے ہو چکا ہے۔ اس پلان کے باقی مراحل پہ عملدرآمد 10 محرم روز عاشورہ تک جاری رہے گا۔

اس منصوبے کا ایک حصہ روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور سیکیورٹی اور سروسز ڈیپارٹمنٹ کربلاء کے ساتھ تعاون بھی ہے اس منصوبے میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تمام شعبے بھی شریک ہیں۔ تمام مراحل میں زائرین کی تعداد اور ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے روز عاشور تک روضہ مبارک کے تمام سیکشنز اپنی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔

یہ پروگرام روز عاشور رسوم عزاداری اور خصوصا طویریج کے بعد اختتام پذیر ہو گا۔

شعبہ شعائر حسینی نے بھی ماتمی جلوسوں کے آنے اور جانے کے حوالے سے ایک سپیشل شیڈول مرتب کیا ہے تاکہ تمام ماتمی جلوس بغیر کسی انتشار اور رکاوٹ کے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہوں اور مابین الحرمین سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام تک پہنچیں اور اس دوران نظم وضبط کو برقرار رکھنے کے لیے مذکورہ شعبہ کے سٹاف کو دوسرے مقدس روضوں کا تعاون حاصل رہے گا۔

اس موقع پر شعبہ مضیف زائرین کی مہمان نوازی کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے اسی طرح ڈیپارٹمنٹ آف سروسز، ٹرنسپورٹ اور دوسرے تمام شعبے بھی رسوم احیاء عاشورہ کے سلسلے میں اپنی تمام تر تیاریوں کے ساتھ سر گرمِ عمل ہیں اور ضرورت پڑنے پر یہ تمام سیکشنز بھی سیکیورٹی پلان میں خدمت کرنے کے لیے تیار رہیں گے۔

اس کے علاوہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سیکورٹی فورسز اور کربلا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام پر بھی سکیورٹی اور سروسز پلان پر عملدارآمد میں تعاون کرے گا۔

اسی طرح ہنگامی صورتِ حال میں میڈیکل اور علاج کی فراہمی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تمام شعبہ جات رسوم زیارت کی ادائیگی میں زائرین کو مطلوبہ سہولیات اور خدمات کی فراہمی اور ماتمی جلوسوں کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: