تصویری رپورٹ: زائرینِ اربعین جوق در جوق کربلا پہنچ رہے ہیں اور اہل مواکب ان کی خدمت کے لئے ایک دوسرے سے سبقت لے رہے ہیں...

اس سال زیارت اربعین کی ادائیگی کے لیے آنے والے مومنین کی تعداد کے بارے میں پہلے سے لگائے جانے والے اندازے درست ثابت ہو رہے ہیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ اس مرتبہ گزشتہ سالوں سے زیادہ مومنین اربعین کے موقع پر کربلا آئيں گے۔

امام حسین(ع) کا چہلم منانے کے لیے پیدل آنے والے زائرین کی بڑی تعداد ماضی کے مقابلے میں اس سال بہت پہلے سے شہادت و قربانی کے شہر کربلا پہنچ رہی ہے ویسے تو یکم صفر سے ہی پیدل آنے والے زائرین کے چھوٹے جھوٹے قافلے کربلا پہنچنا شروع ہو گئے تھے البتہ گزشتہ چار دن سے ان کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ایک طرف امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے زائرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور دوسری طرف کربلا کے اندر اور کربلا آنے والے تمام راستوں میں اہل مواکب کی زائرین کی خدمات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اہل مواکب زائرین کی خدمت کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کاوشوں میں مصروف ہیں۔

اہل کربلا اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مومنین نے جگہ جگہ مواکب لگائے ہوئے ہیں جہاں زائرین کے لیے کھانے، پینے، رہائش اور میڈیکل سمیت ہر طرح کی تمام خدمات بلامعاوضہ فراہم کی جارہی ہیں۔

زائرین اربعین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے بھی اپنے تمام تر وسائل کو زائرین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔

کربلا آنے والے زائرین اور اہل مواکب کی طرف سے ان کی خدمت کے چند مناظر آپ بھی زیر نظر تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں:
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: