روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے پہلے سے وسیع لائحہ عمل تیار کیا تھا اور اس کی تنفیذ کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کر لی تھیں اور اس وقت روضہ مبارک کے خدام اس لائحہ عمل کے ابتدائی مراحل کو عملی صورت دے رہے ہیں۔
زائرین اربعین کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے اور زیارت کے لیے بہتر سے بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور اس کے گردونواح کے ایریاز اور دیگر دسیوں جگہ پر زائرین کی خدمت کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ان میں سے چند یہ ہیں:
امن و امان کی صورتِ حال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
صفائی کرنے والی گاڑیاں، فائر برگیڈ کے ٹینکرز، ایمبولینس اور پینے کا صاف پانی پہنچانے والے ٹینکرز جگہ جگہ کام کر رہے ہیں۔
روضہ مبارک کی تمام بیسمنٹس کو زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے اور وہاں مراسیم زیارت اور عبادت کے لیے ہر طرح کے وسائل مہیا کر دئیے گئے ہیں۔
روضہ مبارک کے صحن کو عارضی رکاوٹوں کے ذریعے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ مراسیمِ زیارت کی ادائیگی اور زائرین کی آمد و رفت میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
روضہ مبارک اور تمام سروسز سائٹس پر روضہ مبارک کے خدام اور رضاکاروں کی بڑی تعداد صفائی اور دیگر کاموں کے لیے موجود ہے۔
زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں میں ہزاروں پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
تبلیغی و ثقافتی رہنمائی کے لیے جگہ جگہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بھی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے میڈیکل اور دیگر دسیوں سروسز کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں جن سے زائرین مستفید ہو رہے ہیں۔