آج بعد از ظہر حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے خدام کی طرف سے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی المناک شہادت کے حوالے سے امام زمانہ(عج) اور اھل بیت اطہار(ع) کو پُرسہ پیش کرنے کے لئے ایک ماتمی جلوس نکالا کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے برآمد ہوا اور مابین الحرمین سے ہوتا ہوا حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک میں پہنچا کہ جہاں پر اس ماتمی جلوس کا اختتام مجلس عزاء اور ماتم داری پہ ہوا۔
اس المناک موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں اظہارِ حزن کے طور پر ہر طرف سیاہ چادریں اور سیاہ علم نصب کئے گئے اور بہت سے بینروں پر امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرامین کو لکھ کر جگہ جگہ لٹکایا گیا اور مسلسل تین دن تک مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بات واضح رہے کہ امام حسین عسکری علیہ السلام رسول خدا (ص) کے گیارھویں جانشین ہیں، انہوں نے اپنے والدِ گرامی امام علی نقی علیہ السلام کے ساتھ تقریباً 22 یا 23 سال گزارے اور ان سے میراث امامت کو حاصل کیا۔ امام حسن عسکری علیہ السلام نے تقریباً چھ سال تک امامت کے فرائض کو سر انجام دیا اور متعمد عباسی ملعون کے دئیے ہوئے زہر کے سبب 8 ربیع الاول 260ھ کو جامِ شہادت نوش کیا۔