روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل سپیشلٹی ہاسپٹل نے سکیورٹی فورسز، حشد شعبی اور دہشت گردی کا شکار ہونے والے معصوم شہریوں کی خدمات کے اعتراف میں دہشت گردی سےمتاثرہ فوجیوں اور افراد کے لیے 600 سے زائد مصنوعی اعضاء کی بلا معاوضہ فراہمی اور تنصیب کے پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ اس پروگرام میں عراق اور بھارت سے آئے ہوئے ڈاکٹر حضرات طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل انجینئر سید محمد اشیقر اور عراق میں بھارت کے سفیر ڈاکٹر پردیپ سنگھ راجپوت نے الکفیل ھاسپیٹل اور بی ایم بی ایس ایس آرگنائزیشن کے اشتراک سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔
اس افتتاحی تقریب میں وزارت صحت اور ماحول کے نمائندہ ڈاکٹر عامر عبد السادة، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کربلا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صباح الموسوي، اور ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ کونسل کے صدر ڈاکٹرعلاء الغانمي کے علاوہ سینئر سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واضح رہے الکفیل ہسپتال میں مرکز ابو ابوالفضل کے نام سے مصنوعی اعضاء کی تیاری اور تنصیب کا ایک سیکشن پہلے سے موجود ہے اس مرکز میں داعش کے خلاف لڑنے کے دوران اپنے اعضاء سے محروم ہونے والے عسکری رضاکاروں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے مصنوعی اعضاء کی تنصیب کا کام جاری ہے اور بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں اور رضاکاروں کے اب تک مصنوعی اعضاء لگائے جا چکے ہیں اور مصنوعی اعضاء کی تیاری اور تنصیب کا یہ کام الکفیل ہسپتال اور ایک سویڈش کمپنی کے مشترکہ تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
الکفیل ہسپتال کی خدمات کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائٹ یا فون نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
www.kh.iq
07602344444
07602329999