روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کی گائیڈنس اینڈ سپورٹ کمیٹی کا کام داعش کے خلاف جنگ کے خاتمے کے باوجود جاری ہے۔ عراقیوں نے داعش کو شکست دے کر فتح عظیم حاصل کی اور دشمن کو سر زمین وطن اور مقامات مقدسہ سے چھیڑ چھاڑ کی ناپاک جسارت سے روکے رکھا۔
یہ کمیٹی مختلف سطح پر کام کر رہی ہے جیسا کہ مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا، داعش کے قبضہ سے آزاد کردہ علاقوں میں شہریوں اور لوگوں سے رابطے میں رہنا اور ان علاقوں کے دورے کرنا شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں کمیٹی نے حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں کے دورے کیے ہیں۔ ان علاقوں میں نینوا، صلاح الدین، کرکوک اور دیالہ شامل ہیں۔
ان دوروں کے دوران کمیٹی نے وہاں کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور دوران جنگ داعش کے خلاف پایہ استقامت دکھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرکمیتی نے دفاع وطن کی جنگ کے دوران اعلیٰ دینی قیادت کے فتوی اور وطن کے بیٹوں کی قربانیوں کی بدولت حاصل شدہ امن اور سلامتی کی فضا کو برقرار رکھنے اور شر پسند عناصر کو اس پر امن ماحول کو خراب کرنے کے مواقع نہ دینے پر شہریوں اور لوگوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
اس کمیٹی اور وفد کے انچارج شیخ حیدر العارضی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: ہمارا یہ دورہ ان وزٹس کا حصہ ہے جو کہ ہم داعش سے آزاد کردہ علاقوں میں کر چکے ہیں یا پھر مستقبل میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس دورے کے دوران ہم نے چار اضلاع کا وزٹ کیا ہے۔