خیام حسینی میں نصب کی گئی ضریحات اور خیام حسینی کے صحن مبارک پر تعمیر چھت کی تقریب رونمائی

حضرت زینب سلام اللہ علیھا جشن ولادت کے پر مسرت موقع پر روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کی جانب خیام حسینی کے صحن پر مسلسل تین سالوں سے زیر تعمیر چھت کی تکمیل اور خیام حسینی کی جگہ نصب کی جانے والی چار ضریحوں کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ضریحات حضرت امام حسین علیہ السلام، امام سجاد علیہ السلام حضرت زینب سلام اللہ علیھا اور جناب قاسمؑ (حضرت امام حسن علیہ السلام کے بیٹے) کے خیام کی جگہ نصب کی گئی ہیں۔ یہ ضریحات جدید ،خوبصورت اور اسلامی آرکیٹکچر کا حسین امتزاج ہیں۔ یہ افتتامی تقریب خیام حسینی میں منعقد کی گئی تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد شہداء وطن کے لیے سورہ فاتحہ پڑھی گئی۔ اس تقریب میں سرکاری و غیر سرکاری اعلیٰ شخصیات اور مختلف شعبہ جات اور اداروں کے وفود کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے شریک وفد نے روضہ مبارک کے سیکرٹری جنرل محمد اشیقر کی سربراہی میں شرکت کی۔

روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے سنئیر آفیشل شیخ عبد المہدی کربلائی نے اس موقع پر کہا: روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کی جانب سے جاری اور پایہ تکمیل کو پہنچنے والے تمام منصوبوں کا بنیادی عراق اور خاص طور پر کربلا کے شہریوں کو ثقافتی ، طبی اور تعلیمی میدان میں خدمات اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔ روضہ مبارک کے منصوبوں کا دوسرا مقصد زائرین کو مختلف انواع کی خدمات فراہم کرنا بھی ہے۔ خیام حسینی کے صحن مبارک پر چھتیں ڈالنے اور روضہ مبارک حضرت زینب سلام اللہ علیھا سے متعلقہ پروجیکٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا: کربلا مقدسہ میں جاری منصوبوں اور کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے منصوبوں میں بہت سارے فریقین کا تعاون اور مدد شامل ہے۔ اس تعاون اور مدد کرنے پر میں تمام متعلقہ وزارتوں ،سرکاری اداروں اور کربلا میں موجود اداروں کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

اس تقریب کے اختتام پر ضریحات مبارک کی چابیاں روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی کے حوالے کی گئیں۔ اس کے بعد خیام حسینی پر چھت ڈالنے سے متعلقہ ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ تقریب کے آخر میں شاعر ابو محمد المیاحی اور شاعر علی السفر نے اہل بیت علیھم السلام کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: