الکفیل یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ فارسی زبان میں مہارت کے اعلی ترین ٹیسٹ سامفا کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ ہائرایجوکیشن کے تحت کام کرنے والی الکفیل یونیورسٹی کے لینگویجز ڈیپارٹمنٹ میں پہلی مرتبہ سٹینڈرڈ ٹیسٹ آف پرشئین لینگویج سامفا یعنی فارسی زبان میں مہارت کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ٹیسٹ کا انعقاد ایران کی فردوسی یونیورسٹی مشہد کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو فارسی زبان میں مہارت کا سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا۔ اس سرٹیفیکیٹ کی بنیاد پر کامیاب ہونے والے امیدوار ایران کی کسی بھی یونیورسٹی یا تعلیمی ادارے میں داخلہ لے سکیں گے۔ یہ ٹیسٹ ان طالبعلموں کی مشکلات اور پریشانیوں کو کم کرنے کا سبب بنے گا جو ایرانی اداروں سے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ ٹیسٹ بروز جمعہ 11 جمادی الاول 1440 ہجری بمطابق 18 جنوری 2019 کو الکفیل یونیورسٹی نجف کے مرکزی امتحانی ہال میں منعقد کیا گیا۔ اس ٹیسٹ میں 28 امیدواروں نے شرکت کی جو کہ ایران کے مختلف تعلیمی اداروں میں داخلے کے خواہش مند ہیں۔

یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریحیی مہدی المیالی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: اس ٹیسٹ کا انعقاد الکفیل یونیورسٹی اور ایران کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان معاہدے کا نتیجہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت ٹیسٹ کو پاس کرنے والے عراقی طالبعلم ایران کے کسی بھی تعلیمی ادارے یا جامعات میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

اس موقع پر لینگویجز ڈیپارٹمنٹ کے انچارج مسٹر محمد فیصل الصابر نےکہا: یہ ٹیسٹ فردوسی یونیورسٹی مشہد سے معاہدے کے بعد منعقد کیا گیا ہے اور ایران میں فارسی زبان میں قابلیت اور مہارت کو جانچنے کے لئے لیا جانے والا اعلی ترین ٹیسٹ ہے۔ عراقی طالبعلموں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ٹیسٹ کا انعقاد بیک وقت کئی مراکز میں کیا گیا ہے۔

یاد رہے الکفیل یونیورسٹی کی جانب سے فارسی زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لئے چھ ماہ پر مشتمل کورس کروایا جا رہا ہے۔ اس کورس میں کامیاب ہونے کے لئے طالبعلموں کو تین امتحانات پاس کرنا ہوں گے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: