روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن مرکز کی جانب سے قرآنی تعلیمات کے فروغ اور قرآن پاک کی درست ادائیگی اور تلاوت کی ترویج کے لئے مختلف طرح کی سرگرمیوں اور پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں قرآن مرکز کی بغداد میں موجود شاخ کی جانب سے تلاوت قرآن پاک اور قرآن فہمی کے فروغ کے لئے نور الزہرا کے نام سے ایک کورس کا انعقاد کروایا جا رہا تھا۔ اس کورس میں شامل طالبعلموں کی تعداد ساٹھ سے زائد تھی اور یہ کورس چھ ماہ پر مشتمل تھا۔ اس کورس کی اختتامی تقریب شہادت جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں منعقد کی گئی تھی۔
تقریب کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قاری عمار الحلّي نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد کورس میں شامل طالب علم الشيخ عباس الأزيرجاوي نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ بغداد میں قرآن مرکز کی شاخ سے ان کے انچارج نبيل الساعدي نے اس موقع پر کہا: اس کورس سے 60 سے زائد طالب علموں نے استفادہ حاصل کیا ہے۔ اس کورس کا دورانیہ چھ ماہ تھا۔ یہ کورس قرآن پاک کی درست ادائیگی اور تلاوت سکھانے کے علاوہ علمی، قرآنی اور سماجی دروس پر مشتمل تھا۔
آج ہم نے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی المناک شہادت کی مناسبت کے سلسلے میں اس کورس کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا ہے کیونکہ اس کورس کا نام نور الزہرا رکھنے کا بنیادی مقصد ہی اس کورس کی گریجویشن تقریب کو احیائے مراسم ایام فاطمیہ کا حصہ بنانا تھا۔