عراق کے وزیر صحت اور ماحول ڈاکٹر علاء عبد الصاحب العلوان نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہاسپٹل کی طبی خدمات اور طبی میدان میں جدیدیت اور ترقی حاصل کرنے کوسراہتے ہوئے کہا: عراق میں الکفیل ھاسپیٹل بہت بڑی طبی سہولت اور طب کے میدان میں عراق کی جانب سے لگائی جانے والے کوانٹم لیپ ہے۔ ہاسپٹل کی جانب سے جدید ترین طبی طریقہ کار، جدید ترین آلات اور قابل ترین طبی عملے کی بدولت عراق کے اندر بھی وہ سرجریز اور آپریشنز ممکن ہیں جن کے لئے عموما لوگوں کو بیرون ممالک سفر کرنا پڑتا تھا۔ الکفیل ہاسپٹل کی بدولت علاج معالجے کی مد میں لوگوں کے مالی بوجھ میں کمی اور سفر کی تکالیف ختم ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا میرے یہاں آنے کا مقصد ہاسپٹل کی جانب سے شہریوں کو غیرمعمولی طبی خدمات، غیر ملکی اور عرب ماہرین طب کی موجودگی میں مختلف آپریشنز کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے تاکہ ہم اپنے سرکاری ہسپتالوں میں انہیں ایک مثال کے طور پر دکھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت ہسپتال کو تمام امور میں ہر طرح کا تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
الکفیل ہاسپٹل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عزیز جو اس موقع پر وزیر صحت ماحول کے ہمراہ تھے انہوں نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت اور ماحول کو ہسپتال کے دورے کی دعوت دینے کا بنیادی مقصد انھیں ہاسپٹل کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی جدید طبی خدمات اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔