روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور مستقبل میں لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن کی اعلی قیادت اور ضلعی یونٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس اجلاس کے انعقاد کا مقصد ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور اور ڈویژن کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں پر مشاورت کرنا تھا۔ ان منصوبوں میں سیکورٹی فورسز اور پاپولر موبلائزیشن کی لاجسٹک سپورٹ پروجیکٹس اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شروع کیے گئے رفاہی منصوبےخصوصی طور پر زیر غور لائے گئے۔
شیخ عباس العکایشی کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران لاجسٹک سپورٹ اور امدادی کارروائیوں کےضمن میں تمام ذیلی یونٹس کی کارکردگی اور کام کو بے حد سراہا گیا۔ اس اہم اجلاس میں ڈویژن اور اسکی ضلعی یونٹس کے لئے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
ڈویژن کی جانب سے اجلاس کے دوران صوبہ المثنی اور سماوی میں امدادی کاروائیاں شروع کرنے کے لئے تاریخوں کا اعلان بھی کیا گیا۔ شہدائے وطن اور اس مقدس جنگ کے دوران زخمی ہونے والے غازیوں کے خاندانوں اور بچوں کی معاشی اورسماجی بحالی اور مدد کے لئے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا انتہائی سرگرم ذیلی ادارہ ہے اور یہ عراق میں سکیورٹی اور سروسز کی مختلف ذمہ داریاں اٹھانے کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مختلف امدادی کاروائیاں بھی سرانجام دیتا ہے جیسے کہ داعش کی جنگ کے دوران بے گھر ہونے والے خاندانوں کی بحالی اور آبادکاری، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اور علاقوں میں امدادی اور بحالی سرگرمیاں، سکیورٹی فورسز کو لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی، جنگ کے دوران شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کی معاشی اور سماجی مدد وغیرہ۔