العباس فائٹنگ سکواڈ نے میسان اور واسط کے آفت زدہ علاقوں میں سب سے پہلے امدادی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا : گورنر میسان

مییسان کے گورنر نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور العباس فائٹنگ اسکواڈ کی جانب سے میسان اور واسط کے آفت زدہ صوبوں میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے کی جانے والی امدادی کاروائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ العباس فائٹنگ سکواڈ ہی وہ پہلا ادارہ ہے جو کہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مدد کی اپیل کے بعد سب سے پہلے میسان اور واسط کے آفت زدہ علاقوں میں پہنچا اور انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت ہنگامی بنیادوں پر وسیع امدادی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا۔

العباس فائٹنگ اسکواڈ کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات کی وجہ سے نہ صرف بہت سے لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ممکن ہوا بلکہ بہت سے شہری اور دیہاتی علاقوں کو بھی سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکا۔

الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے میسان کے گورنر نے کہا : العباس فائٹنگ اسکواڈ کی انجینئرنگ یونٹس کے میسان اور واسط کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت پہنچنے اور فوری اقدامات کی وجہ سے بھاری جانی ومالی نقصانات سے بچنا ممکن ہوا۔ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں ناحية السلام، الميمونة اور علی الشرقی میں انجینئرنگ یونٹس کی کاروائیوں کے نتیجے میں سیلابی پانی کو مزید آگے بڑھنے سے روکا گیا اور بہت سے رہائشی علاقوں اور زرعی زمینوں کو سیلاب کی زد میں آنے سے بچایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی لاجسٹک سپورٹ کی بدولت میسان اور واسط کی لوکل حکومتوں کو مشکل ترین صورتحال کے باوجود حالات کو قابو میں رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: