روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے پاکستان کے شمال مشرقی ضلع سیالکوٹ کے نواحی علاقےجھنکی شاہ کے امام بارگاہ میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا علم لہرایا۔ اس موقع پر مومنین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ سیالکوٹ میں اس نوعیت کی یہ پہلی تقریب ہے۔
دشوار گزار راستے، خراب موسم اور طوفانی بارش کے باوجود روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام مومنین میں روحانی خوشیاں اور برکات بانٹنے کے لیے جب جھنکی شاہ پہنچے تو مومنین جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں نے وفد کا والہانہ استقبال کیا اور فضا ’’لبیک یا حسین‘‘ ’’لبیک یا عباس‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ تیز بارش کے باوجود مومنین کی بڑی تعداد اپنے معزز اور متبرک مہمانوں کی آمد کی خوشی میں وہاں موجود تھی۔
اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کو قریبی مسجد و امام بارگاہ لے جایا گیا جہاں مومنین نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے نمائندہ شیخ محمد جواد سلامی کی امامت میں نماز مغربین ادا کی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد و امام بارگاہ جھنکی شاہ میں علم لہرانے کی تقریب منعقد ہوئی اور روضہ مبارک کے وفد نے مسجد میں علم مبارک لہرایا۔ جھنکی شاہ کے مومنین نے اس عزت افزائی پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور وفد کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
روضہ مبارک کے نمائندہ شیخ محمد جواد سلامی نے مومنین کے جوش و خروش، والہانہ عقیدت اور جذبے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حاضرین کا یہ جذبہ ان کی امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام سے گہری محبت، عقیدت اور وفاداری کا عکاس ہے۔ اور اسی جذبہ کے تحت حاضرین مراسم عزاداری کا احیاء جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی نیک خواہشات اور دینی و دنیاوی امور میں کامیابی کے پیغامات بھی مومنین تک پہنچائے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعائر حسینی کے انچارج الحاج ریاض نعمہ السلمان نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کے تمام حصوں میں محبان اہل بیت سے مضبوط تعلقات اور روابط استوار کرنے میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے کلیدی کردار کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔