ایتام کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے ہر طرح کے وسائل سے لیس کنڈر گارٹن

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت کئی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن میں یتیم بچوں کی کفالت اور بہبود کے منصوبے سر فہرست ہیں۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے یتیم بچوں کی کفالت، فلاح و بہبود، بحالی اور احساس محرومی کے خاتمے کے لئے طبی، نفسیاتی، معاشی و سماجی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔ اسی ضمن میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے سے نجف اور ذی قار میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور شخصیت سازی کے لیے روضہ مبارک کے کنڈرگارٹن اسکولزمیں ان بچوں کو مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی ابوالفضل فاؤنڈیشن برائےایتام کے سربراہ شیخ حسین الترابی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: اس پروگرام کے تحت ہم نجف اشرف اور ذی قار میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے کنڈرگارٹنز میں یتیم بچوں کو داخلے کے علاوہ بلامعاوضہ تدریسی کتابیں اور دیگرخدمات فراہم کررہے ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ان یتیم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر علمی، تعلیمی اور اخلاقی بنیادوں پر شخصیت سازی کرنا ہے۔

ا نہوں نے مزید کہا کہ ان بچوں کی بہتر نشوونما اور صحت کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ام البنین ہیلتھ سینٹر کی جانب سے مفت طبی سہولیات کی فراہمی بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے ان بچوں کی معاشی وسماجی بحالی، ان کے نفسیاتی مسائل اور محرومیوں کے خاتمہ کے لئے اور معاشرے میں ان بچوں کے سماجی اور ثقافتی مقام اور حیثیت کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن مادی و انسانی وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: