روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہسپتال کی جانب سے بعض سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر ہسپتال کے بارے میں چلنے والی بے بنیاد معلومات اور خبروں کی تردید کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الکفیل ہسپتال میں کمروں کی مد میں لی جانے والی فیس بہت زیادہ ہے۔
الکفیل ہسپتال کی انتظامیہ نے ان معلومات کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معلومات ان لوگوں کی جانب سے شیئر کی جارہی ہیں جنہیں ہسپتال کے بارے میں صحیح معلومات حاصل نہیں ہیں۔
الکفیل ہسپتال کے میڈیا سیل کی جانب سے ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مریض کو ہاسپیٹلایزڈ کرنے کے یومیہ واجبات 75 ہزار عراقی دینار ہیں۔ جس میں اکاموڈ یشن چارجز، مریض کے کھانے اور سروس چارجز بھی شامل ہیں۔ جبکہ ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام سروسز بین الاقوامی معیار کے مطابق اور بیرون ممالک کے ہسپتالوں سے کم قیمت ہیں۔
اسی طرح مریض کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ [ICU] میں ہاسپٹلائزڈ کرنے کے یومیہ واجبات 200 ہزار عراقی دینار ہیں جو کہ بیرون ممالک کے ہسپتالوں سے لی جانے والی فیس کے ایک تہائی بھی نہیں ہے۔
جبکہ کچھ کیسز میں مریضوں کی جان بچانے کے لئے خصوصی کیئر اور علاج کی ضرورت پڑتی ہے اور اس صورت میں میں لی جانے والی فیس یا چارجز مختلف ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہسپتال مکمل طور پر اپنے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق مریضوں کو بلامعاوضہ یا رعایتی نرخوں پر طبی سہولیات اور علاج فراہم کرتا ہے۔ مختلف طرح کے آپریشنز مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ جدید طبی آلات کا استعمال اورسپیشلائزڈ ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنا ہے۔
مریضوں سے لی جانے والی فیس ہسپتال کے عملے کی تنخواہوں، ٹیلیٹی بلز کی ادائیگی، لیب سروسز، ٹیکسز اور غیر ملکی ماہرین کی رہائش، ٹکٹس، ویزا اور سکیورٹی پر خرچ کی جاتی ہے جبکہ باقی بچ جانے والی رقم سے غریب اور مستحق لوگوں کو بلامعاوضہ یا رعایتی نرخوں پر طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جاتا ہے۔