روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے پیغمبر اسلام(ص) کے چھٹے جانشین اور سلسلہ عصمت کی آٹھویں کَڑی حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کا اھل بیت اطہار علیھم السلام کو پُرسہ پیش کرنے اور اس المناک دن کے احیاء کے لئے ایک ماتمی جلوس نکالا کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے برآمد ہوا اور مابین الحرمین سے ہوتا ہوا حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک میں پہنچا کہ جہاں دونوں مقدس حرموں کے خدام نے مل کر اپنے مظلوم امام کے مصائب پر ماتم کیا اس ماتمی جلوس کا اختتام روضہ مبارک امام حسین(ع) کے صحن میں ایک مجلس عزاء پہ ہوا۔
دونوں روضوں کے شعائر حسینی اور انجمنوں کے سیکشن کے سربراہ جناب الحاج ریاض نعمت نے الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے کو بتایا اس ماتمی جلوس میں مؤمنین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی۔
اس المناک دن کی یاد میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں اظہارِ حزن کے طور پر ہر طرف سیاہ چادریں اور سیاہ علم نصب کئے گئے اور بہت سے بینروں پر امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرامین کو لکھ کر جگہ جگہ آویزاں کیا گیا اور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے امام جعفر صادق علیہ السلام کو عباسی خلیفہ منصور دوانقی نے زہر دے کر 25 شوال 148 ھ میں شہید کیا شھادت کے وقت آپ(ع) کی عمر 65 سال تھی آپ(ع) کو جنت البقیع میں اپنے والد اور دادا کی قبر اقدس کے ساتھ دفن کیا گیا۔ آپؑ کی قبر اقدس پہ مسلمانوں نے ایک عالی شان مزار تعمیر کیا تھا کہ جسے وہابیوں اور آل سعود نے مدینہ پر قبضہ کرنے کے بعد باقی تمام مقامات مقدسہ کی طرح مسمار کر دیا۔