روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مرکز برائے خاندانی ثقافت کی طرف سے مختلف تعلیمی مراحل سے تعلق رکھنے والی طالبات اور مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین کے لیے آگاہی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی "بچیوں کے لیے کامیابی کے اصول" کے نام سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ہندیہ شہر کے 14 ہائی سکولز کی بچیاں شریک ہیں۔
اس پروگرام کے تحت روضہ مبارک کے العمید ہال میں بچیوں کے لیے دو لیکچرز منعقد ہوئے جن میں سے پہلا لیکچر عقائدی موضوع پر تھا جس میں محترمہ ابتسام عباس نے خدا کی معرفت، خدا کا انسان پر لطف و کرم اور انسان کے مقصدِ تخلیق کے بارے میں گفتگو کی۔ جبکہ دوسرا لیکچر محترمہ عذراء عباس نے دیا جس میں انھوں نے کامیابی اور انفردیت کے مراحل کے موضوع پر گفتگو کی۔
اسی پروگرام کے تحت بچیوں کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع)، العفاف شاپنگ کمپلیکس برائے خواتین اور مدينة سيّد الأوصياء(ع) بھی لے جایا گیا اور مدينة سيّد الأوصياء(عليه السلام) کے ایک ہال میں "بچیوں کے لیے کامیابی کے اصول" کے عنوان سے ایک ورکشاپ بھی منعقد ہوئی۔