یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں انٹر نیشنل فیڈریشن آف لائبریریز ایسوسی ایشنز اینڈ انسٹیٹوشنز (IFLA) کی ورلڈ کانفرنس کا 85 واں اجلاس جاری ہے جس میں دنیا بھر سے لائبریری اور انفارمیشن سے منسلک ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ 24 اگست 2019 کو اس کانفرنس کے دوسرے سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر کی لائبریریوں اور انفارمیشن سینٹرز کو فروغ دینا اور انہیں انفارمیشن، سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدید پیش رفت سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی لائبریری اور دارالمخطوطات بھی اس ورلڈ کانفرنس میں بھرپور شرکت کر رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر عراقی لائبریریوں اور انفارمیشن انسٹیٹیوشنز کو ایسے پلیٹ فارمز پر صف اول میں لانے کے لئے کوشاں ہے اور اب تک اس فورم کے دو اہم ترین سیشنز میں اپنی موجودگی اور علمی اور تحقیقی سبقت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
اس ورلڈ کانفرنس کے پہلے سیشن کے دوران جو کہ عرب وفود کے لئے منعقد کیا گیا تھا سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے نمائندے نے خطاب کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اور اس سے منسلک اداروں کی کارکردگی، کامیابیوں اور مستقبل کے لئے طے کردہ اہداف و مقاصد کے بارے میں تفصیلی بات کی۔
جبکہ اس کانفرنس کے ریسرچ سیشن میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی لائبریری اور دار المخطوطات کی جانب سے تحقیقی مقالہ پیش کیا گیا جو کہ اس بین الاقوامی فورم پر پیش کی جانے والی اور منتخب کی جانے والی پہلی عراقی ریسرچ ہے۔ اس تحقیقی مقالہ کو ریسرچ سیشن کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پروفیسر حسین عادل اور پروفیسر عمار حسین جواد نے پیش کیا۔
واضح رہےکہ اس کانفرنس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی لائبریری اور دار المخطوطات کی ریسرچ کا منتخب کیا جانا نا صرف عرب دنیا بلکہ اسلامی دنیا کے لئے بھی ایک بہت بڑی کامیابی تصور کی جارہی ہے۔