روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکروثقافت کے القمر کلچرل فورم کا 16ہواں سیشن چھ روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ اس ثقافتی فورم میں صوبہ میسان کے60 نوجوانوں نے شرکت کی۔
اس چھ روزہ ثقافتی سیشن کے دوران شرکاء کے لئے ثقافتی، معاشرتی اور مذہبی حوالے سے خصوصی لیکچرز کا انعقاد کیا گیا تھا۔ یہ لیکچرز ممتاز مذہبی اسکالرز اور نامور پروفیسرز کی جانب سے خصوصی طور پر فورم کے نوجوان شرکاء کے لیے تیار کیے گئے تھے۔ ان لیکچرز کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں دینی اور سماجی حوالے سے سے فکری اور علمی بنیادوں پر شعور آ گاہی کو بیدار کرنا اور انہیں باشعور اور ذمہ دار معاشرتی اکائی میں تبدیل کرنا ہے۔
اس پروگرام میں کئی تفریحی سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ فورم کے شرکاء کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پراجیکٹس اور الکفیل ہسپتال کا دورہ بھی کروایا گیا۔
اس فورم کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔ یہ تقریب قرآنی تعلیمات پر مبنی ایک خوبصورت اور پر اثر لیکچر اور بزم شعر و سخن پر مشتمل تھی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں۔
واضح رہے کہ قمر ثقافتی فورمز کے انعقاد کا مقصد علمی وفکری سرگرمیوں پر مشتمل کورسز اور پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے عصرحاضرکے مذہبی، ثقافتی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنا اور جدید سائنسی طریقوں اور میکانزم کو استعمال کرتے ہوئے عدم برداشت اور منفی رویوں کو ختم کرنا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں معاشرے میں امن و استحکام اور خوشحالی و ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔