روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے وفد کی رکضۃ طویریج کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کی عیادت

11 محرم الحرام 1441ھ بمطابق 11 ستمبر 2019 کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے رکضۃ طویریج کے جلوس عزاء کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کی عیادت کی اور انہیں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سید احمد صافی کی نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعاؤں پر مشتمل پیغام پہنچایا۔

واضح رہے کہ دس محرم الحرام کو رکضۃ طویریج کے جلوس عزاء کے دوران بھگدڑ مچ جانے کی وجہ سے کئی عزادار زخمی ہوگئے تھے جنہیں علاج کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

وفد میں روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے سینئر آفیشل الشيخ عبد المهدي الكربلائيّ(دام عزّه)، نامور مذہبی اسکالرز اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سید خدام شامل تھے۔ وفد نے ہسپتال میں موجود تمام زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں دیے جانے والے علاج اور طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے اس بدقسمت حادثے میں زخمی ہونے والے عزاداروں کے مکمل علاج اور انہیں ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کربلاء کے دونوں مقدس روضوں کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے رکضۃ طویریج کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے 14 محرم الحرام کو بین الحرمین دن تین بجے سے لے کرشام 6 بجے تک فاتحہ خوانی اور مجلس تحریم کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: