روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے میڈیکل ڈویژن کی جانب سےزیارت اربعین کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے میڈیکل ورکشاپ کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیکل ڈویژن کی جانب سے بروز جمعۃ المبارک 20 محرم الحرام 1441ھ بمطابق 20ستمبر 2019 کوزیارت اربعین کی تیاریوں کے ضمن میں ایک میڈیکل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کے بنیادی مقاصد زیارت اربعین کے دوران طبی خدمات اورسہولیات کی فراہمی، طبی مراکز کا قیام، بحرانی کیفیت یا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرنا اور میڈیکل یونٹس کے انچارج اور عملے کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بات چیت اور مشاورت کرنا تھا۔

ورکشاپ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اس کے بعد شیخ عادل الوکیلی نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی نمائندگی کرتے ہوئے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا : زیارت اربعین یقینا دنیا میں ہونے والا سب سے بڑا انسانی اجتماع ہے۔ اس لئے ہماری اولین ذمہ داری زائرین اربعین کے تحفظ و سلامتی کویقینی بناتے ہوئے بہترین سہولیات اور خدمات فراہم کرنا ہے اور 2003ء سے کربلا کے مقدس روضے یہ ذمہ داری ادا کرتے آرہے ہیں۔ زائرین کرام کی خدمت کرنا مقامات مقدسہ کے تمام عملے کی اولین اور بنیادی ذمہ داری بن چکی ہے تاکہ مراسیم زیارت کی ادائیگی کو آسان تر بناتے ہوئے زائرین کرام کو تمام ممکنہ خدمات اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ زیارت اربعین کے دوران طبی خدمات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے میڈیکل یونٹ کے بنیادی فرائض اور ذمہ داریوں میں سے ہے۔

ورکشاپ کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیکل ڈویژن کی جانب سے زائرین کرام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور خدمات کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری فلم بھی پیش کی گئی۔

اس کے بعد میڈیکل ڈویژن کے انچارج ڈاکٹراسامہ عبدالحسن نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمارےڈویژن نےزائرین کو طبی امداد اور خدمات فراہم کرنے کے لئے کئی یونٹس اور ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ یونٹس اور ٹیمیں زیادہ تر رضاکاروں پر مشتمل ہیں اور اس ورکشاپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد زائرین کی خدمت اور سہولت کے پیش نظر ان میڈیکل یونٹس کو مربوط اور منظم کرنا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لئے رضاکاروں اور ٹیموں کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرنے کے تیار کرنا ہے۔

اس موقع پر روضہ مبارک کے سینئر آفیشل ڈاکٹرعباس رشید الموسوی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: اربعین کے دوران زائرین کرام کو خدمات پیش کرنے کی تیاریوں کے ضمن میں ہمارے میڈیکل ڈویژن کی جانب سے یہ ورکشاپ منعقد گئی ہے تاکہ اس غیرمعمولی اجتماع کے دوران زائرین کی صحت و حفاظت کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جا سکے اوران کے لئے بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس میڈیکل ورکشاپ میں کربلا اور دیگر شہروں کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں، طبی ماہرین اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیکل ڈویژن کے ماہرین اورعملے نے شرکت کی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: