الکفیل ہسپتال کی جانب سے 12 ہزار سے زائد شہریوں کو مفت طبی سہولیات وعلاج کی فراہمی پر7 ارب عراقی دینار سے زائد کی کثیر رقم خرچ کی جا چکی ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا الکفیل ہسپتال ناصرف ملک میں جدید ترین طبی سہولیات اور خدمات فراہم کر رہا ہے بلکہ طبی میدان میں شہدائے وطن اور غازیوں کے خاندانوں، غریب عوام، ایتام، مستحقین اور سکیورٹی اہلکاروں اور حشد شعبی کے جوانوں کے لئے بھی وسیع پیمانے پر رفاہی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ جن میں فری میڈیکل کیمپس، ہسپتال کے اندر ہر طرح کا علاج اور ہر طرح کے چھوٹے بڑے آپریشن اور فری میڈیکل چیک اپ شامل ہیں۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جاسم الابراهيميّ نے الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ اب تک ہسپتال کی جانب سے 12 ہزار سے زائد شہریوں کو مفت طبی سہولیات وعلاج فراہم کیا جا چکا ہے اور ہسپتال کی جانب سے اس مد میں 7 ارب عراقی دینار سے زائد کی کثیر رقم خرچ کی جا چکی ہے۔
ڈاکٹر جاسم الابراهيميّ نے مزید بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ادارہ کی طرف سے خصوصی ہدایات کے مطابق ہسپتال کے افتتاح سے ہی ضرورت مند افراد کے بلا معاوضہ علاج معالجے کے لیے خصوصی بجٹ رکھا گیا تھا اور ابتداء سے ہی اس سلسلہ کو شروع کر دیا گیا تھا جو اب تک جاری و ساری ہے۔
الکفیل ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ بلامعاوضہ مفت فراہم کردہ طبی سہولیات کے ضمن میں اب تک سینکڑوں آپریشن بھی کیے جا چکے ہیں جن میں اوپن ہارٹ سرجریز، آنکھوں کی ٹرانسپلانٹیشن، نظام ہضم سے متعلقہ سرجریزاور ہڈیوں کے آپریشن وغیرہ سرفہرست ہیں۔

اس کے علاوہ دفاع وطن کی جنگ میں جسمانی اعضاء سے محروم ہو جانے والے سکیورٹی اہلکاروں اور پاپولر موبلائزیشن کے رضاکاروں کو ہسپتال کی جانب سے بلامعاوضہ مصنوعی اعضاء لگانے کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔

مذکورہ بالا بجٹ سے ہی الکفیل ہسپتال نے ملک کے پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس بھی لگائے ہیں۔

الکفیل ہسپتال کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل لنک یا فون نمبرز سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

www.kh.iq

(07602344444)

(07602329999)
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: