روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن نے زیارت اربعین کے دوران لاپتہ اور گمشدہ افراد کی مدد اور تلاش کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پہ کروڑوں زائرین کربلا آتے ہیں اور ان میں ایک بڑی تعداد مختلف شہروں سے پیدل سفر طے کر کے کربلا آنے والے زائرین اور غیر ملکی زائرین کی بھی ہوتی ہے اس جمع غفیر میں بہت سے افراد اپنے ساتھیوں سے بچھڑ جاتے ہیں یا راستہ بھول جاتے ہیں ان افراد کی مدد اور رہنمائی کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

اس ضمن میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن کی جانب سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔اس اجلاس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے کمیونیکیشن ڈویژن اور نور الکفیل کمپنی کے نمائندوں کے علاوہ وزارات برائے تیل اور داخلہ کے نمائندوں اور رضاکار طلباء نے شرکت کی۔

اس موقع پریونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن کے سربراہ اظہر الرکابی نے کہا: ہم ہر سال کی طرح رضاکار طلباء کی بہت بڑی تعداد لاپتہ اور گمشدہ افراد کے مراکز اور کربلا جانے والے مرکزی اور ذیلی راستوں میں خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے منتخب کیے گئے رضاکار طلباء اس کام میں مہارت رکھتے ہیں اور تعینات کیے جانے والے علاقے اور مقامات سے مکمل واقفیت رکھتے ہیں۔ ان رضاکار طلباء کا انتخاب عراقی یونیورسٹیوں میں موجود یونیورسٹی ریلیشنز ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سےکربلا آنے والے راستوں، کربلا کے تمام داخلی راستوں اور کربلا کے اندر بہت سے مقامات پہ گمشدہ افراد کی مدد اور تلاش کے لیے مراکز قائم کیے جاتے ہیں جن میں اس مقصد کے لیے جدید ترین رابطہ نظام نصب کیا گیا ہے تا کہ جلد سے جلد گمشدہ یا راستہ بھولنے والے افراد کی مدد کی جا سکے۔ اورروضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی موبائل اور انٹر نیٹ کمپنی (الکفیل امنیۃ) کی جانب سے گمشدہ افراد کی رہنمائی، تمام مراکز کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور زائرین کو مفت کال کی سہولت مہیا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیےجاتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ مراکز لاپتہ بچوں ، بوڑھوں اور دیگر غیر ملکی زائرین کی مدد کرنے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: