زیارت اربعین کی تیاریوں کے ضمن میں شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد

کربلا کے دونوں مقدس روضوں کے شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے 2 صفر 1441 ھ کو ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کانفرنس روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امام حسن ہال میں منعقد کی گئی جس میں شعبہ شعائر حسینی کے صوبائی اور علاقائی یونٹس کے نمائندوں، مواکب حسینی کے مالکان و سپانسرز اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد زیارت اربعین کے دوران مواکب عزاء کے کربلا مقدسہ میں داخلے کے لئے شیڈول مرتب کرنا اور مختلف صوبوں اور علاقوں میں زیارت اربعین کی ادائیگی کے لیے پیدل آنے والے زائرین کرام کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور خدمات خصوصا طبی خدمات کا جائزہ لینا تھا۔

کانفرنس کا تلاوت قرآن پاک سے آغاز ہوا اس کے بعد شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کے سینئر آفیشل نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : یہ سالانہ اجلاس شعبہ شعائر حسینی کے مختلف علاقائی یونٹس کے نمائندوں اور مواکب حسینی کے سپانسرز اور مالکان کے درمیان ہونے والا بہت اہم اجلاس ہے کیونکہ کربلا مقدسہ تمام عالم اسلام اور ملک بھر کے تمام علاقوں اور صوبوں سے مراسم زیارت اربعین کی ادائیگی کے لئے آنے والے کروڑوں زائرین کا استقبال کررہا ہے۔ اس موقع پر ہماری اولین زمہ داری ہے کہ اس شدید رش کے باوجود ہم زائرین کرام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے ان کے لئے پر سکون اور روحانی ماحول میں مراسم زیارت اربعین کی ادائیگی کو ممکن بنائیں۔

ہمارے یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد انھی اہداف کے حصول کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنا اور مراسم زیارت اربعین کی ادائیگی کے لئے مواکب عزاء کے کربلا مقدسہ میں داخلے کے لئے شیڈول ترتیب دینا ہے۔

واضح رہے کہ اس پہلے بھی زیارت اربعین کی تیاریوں کے ضمن میں شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے سلسلہ وار میٹنگز منعقد کی جاچکی ہیں تاکہ زیارت اربعین کے دوران کربلا آنے والے زائرین کو بہترین خدمات اور سہولیات فراہم کرتے ہوئے ایک پرسکون اور روحانی ماحول فراہم کیا جاسکے اور زائرین کرام اپنی تمام ترعقیدتوں اور محبتوں کو اہلیبیت علیھم السلام کے حضور پیش کرتے ہوئے مراسم زیارت اربعین کی ادائیگی کر سکیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: