یہ جنوبی عراق کے بیٹے ہیں جب سے ماہ صفر شروع ہوا ہے انھوں نے اپنے دروازے کربلا جانے والے زائرین کے لیے کھول رکھے ہیں اور ان کی خدمت کے لیے قسم وقسم کے کھانوں سے دسترخوان بھر رکھا ہے، زائرین امام حسین(ع) کی خدمت ایک ایسا شرف ہے جو اہل جنوب کی رگوں میں خون کی طرح جاری ہے اور اسے انھوں نے نسل در نسل اپنے آباء و اجداد سے وراثت میں پایا ہے۔
اہل جنوب کے کرم کی ایک مثال سيّد حسون الدرّاجي کا صوبہ مثنی کے علاقے قضاء الوركاء میں مہمان خانہ بھی ہے، سرکنڈوں اور بانس سے بنا یہ وسیع مہمان خانہ اربعین امام حسین(ع) کے ایام میں زائرین امام کی خدمت کا مرکز بن جاتا ہے امام حسین(ع) اور ان کے بھائی حضرت عباس(ع) کی زیارت کے پیدل جانے والوں کے لیے اس روایتی مہمان خانہ میں بڑے پیمانے پر کھانے، پینے، آرام کرنے اور رات گزارنے کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔
قضاء الوركاء اور مثنی کا یہ مہمان خانہ اس علاقے کے رہنے والوں کی حسینی سخاوت کی صرف ایک مثال ہے یہاں رہنے والا ہر شخص حسینی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے اور ان دنوں یہاں کا ہر ذرہ، یہاں سے گزرنے والا ہوا کا ہر جھونکا اور جن و انس اس کا عینی شاہد ہے۔