امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے سلسلہ میں دو روز تک زنجیر زنی کے جلوس کربلا کے مقدس روضوں میں پرسہ پیش کرنے کے لیے آتے رہے اور اس کے بعد آج 18صفر 1441هـ (17اکتوبر 2019ء) کو صبح سویرے ہی کربلا میں ماتم و سینہ زنی کے جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے تھے، یہ تمام جلوس شعائر و حسینی انجمنوں کے مقرر کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق اپنے مخصوص راستوں سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین(ع) پہنچتے ہیں اور وہاں عزاداری کے قیام کے بعد مابین الحرمین سے گزر کر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری کے بعد اختتام پذیر ہو جاتے ہیں۔
تمام ماتمی جلوس اپنے نوحوں، نعروں اور جذبات کے ذریعے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم حسینی مشن کو امام زمانہ کے ظہور تک آگے بڑھاتے رہیں گے اور ظہور کے بعد انقلابِ حسینی کے ثمرات کو پوری دنیا میں نافذ کر دیں گے۔
واضح رہے کہ امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کے شعائر و حسینی انجمنوں کے سیکشن نے کربلا میں اربعین کے احیاء کے لیے ماتمی جلوس نکالنے والی تمام انجمنوں کو دونوں حرموں میں آنے اور وہاں پرسہ پیش کرنے کے حوالے سے ٹائم ٹیبل اور طریقہ کار سے آگاہ کر دیا تھا تاکہ تمام جلوس عزاء منظم انداز میں برآمد ہوں۔