اعلی دینی قیادت: سید الشہداء(ع) سے حقیقی ولاء اور ان کی تعلیمات کو سمجھنا اس بات کا ضامن ہے کہ ہمارے دل دھوکہ دہی، ظلم، منافرت اور دیگر غیر اخلاقی امور سے پاک ہیں

اعلی دینی قیادت نے فرمایا ہے کہ سید الشہداء(ع) سے حقیقی ولاء کا اظہار اور ان کی تعلیمات کو گہرائی سے سمجھنے کی سچی تعبیر اس بات کی ضامن ہے کہ ہمارے دل دھوکہ دہی، ظلم، منافرت اور دیگر غیر اخلاقی امور سے پاک ہوں۔

اس بات کا ذکر آج (19 صفر 1441ھ) بمطابق (18 اکتوبر 2019ء) کو نماز جمعہ کے دوسرے خطبہ کے دوران اعلی دینی قیادت کے خصوصی نمائندے علامہ سید احمد صافی (دامت برکاتہ) نے کیا، اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے نمائندے نے روضہ مبارک امام حسین(ع) میں نماز جمعہ کی امامت کے فرائض سرانجام دیئے اور دوسرے خطبہ میں فرمایا:

میرے بھائیو اور بہنو! زیارت اربعین کے بہت سے فوائد ہیں اور شاید ان میں سے ایک فائدہ اپنی معنویات کو بہتر بنانا اور خاص حالات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے، کیونکہ صحیح نظریہ کے مطابق صحیح سوچ اچھے ثمرات دیتی ہے، سید الشہداء(ع) ایک بہت بڑے اصلاحی منصوبہ کے مالک ہیں جیسا کہ انھوں نے فرمایا تھا: (میں سرکشی اور جدال و قتال کے ارادے سے نہیں نکل رہا ہوں اور نہ ہی میرا مقصد فساد پھیلانا یا کسی پر ظلم کرنا ہے بلکہ میں تو اپنے نانا کی اُمت کی اصلاح کے لیے نکلا ہوں۔ میری غرض فقط امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اور اپنے نانا اور بابا کی پیروی ہے۔ پس جو کوئی اللہ کی خاطر میری دعوت قبول کرتا ہے تو اللہ کا حق سب پر فائق ہے اور جو میری دھوت کو قبول نہیں کرے گا تو میں صبر کروں گا یہاں تک کہ اللہ میرے اور اس قوم کے درمیان فیصلہ کرے اور اللہ ہی سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے)

امام حسین علیہ السلام نے مدد گاروں کی کمی اور امت کے ساتھ چھوڑنے کے باوجود جو کچھ حاصل کرنا چاہا وہ حاصل کرلیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اور ان کے ساتھی اپنے فرض سے بخوبی واقف تھے۔ ارشاد قدرت ہے: (کہہ دیجئے: یہی میرا راستہ ہے، میں اور میرے پیروکار، پوری بصیرت کے ساتھ اللہ کی طرف دعوت دیتے ہیں اور پاکیزہ ہے اللہ اور میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں)۔ بصیرت سے مراد دقیق ترین فہم وفراست اور ثابت قدمی ہے بلکہ بصیرت سے مراد امور کے نتائج، ہدف اور مقصد سمیت تمام اہم نکات اور گہرے التفاتات سے آگاہ ہونا ہے کہ جو ہر کسی کو میسر نہیں ہوتا۔

ہم زیارت اربعین کے ایام کو الوداع کرنے کے قریب ہیں یا شاید اربعین کے ایام ہمیں الواع کہنے والے ہیں اس موقع پر ہم امید کرتے ہیں ہم نے امام حسین(ع) کے مبارک راستہ سچی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور اس مناسبت کے احیاء کے ذریعے اپنی روحوں کا احیاء کیا، اور اپنے آپ کو سنجیدگی کے ساتھ سوچنے کا موقع دیا ہے کہ ہم کیسے امام حسین(ع) کے ساتھ ممکنہ کمال کے درجات تک پہنچ سکتے ہیں۔

سید الشہداء(ع) سے حقیقی ولاء کا اظہار اور ان کی تعلیمات کو گہرائی سے سمجھنے کی سچی تعبیر اس بات کی ضامن ہے کہ ہمارے دل دھوکہ دہی، ظلم، منافرت اور دیگر غیر اخلاقی امور سے پاک ہوں۔

خدا تمام زائرین اور ہمارے ملک اور سب ملکوں کو ہر شر سے محفوظ رکھے، خدا ہر اس شخص کی حفاظت فرمائے جس نے بھی امنی، خدماتی ، طبی اور عزائی امور میں اس زیارت کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ وآخر دعوانا أن الحمد لله ربّ العالمين وصلّى الله على محمّدٍ وعلى آله الطيّبين الطاهرين
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: