روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل اسپتال نے بہت سے فوری اور تشویشناک کیسز میں زخمی مظاہرین کو بچانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔ ایسی ہی صورتحال میں گذشتہ رات بغداد سے ایک زخمی کو انتہائی تشویشناک حالت میں الکفیل ہسپتال کربلا منتقل کیا گیا تھا ۔یہ شخص گزشتہ رات دارالحکومت بغداد میں ہونے والے مظاہروں کے دوران گردن پر گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوا۔
اس زخمی شخص کو گزشتہ رات بغداد کے النفیس ہسپتال سےالکفیل ہسپتال لایا گیا تھا ۔ الکفیل ہسپتال میں طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے مریض کا معائنہ کیا اور ریڈیو گرافی سمیت کئی دیگر ٹیسٹ کروائے جانے کے بعد اب یہ شخص مزید علاج کے لئے الکفیل ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے احتجاجی تحریک آغاز سے لے کر تاحال پرامن مظاہرین سے اظہار یکجہتی اور تعاون کے لیے الکفیل ہسپتال مسلسل اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اور الکفیل ہسپتال کا عملہ دن رات زخمی مظاہرین کو طبی خدمات و علاج فراہم کرنے میں مصروف ہے۔
ہسپتال کی انتظامیہ نے تربیہ اسکوائر کربلا میں زخمی مظاہرین کو علاج معالجے کے اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ احتجاجی تحریک کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1700 سے زائد مظاہرین کو الکفیل ہسپتال کی جانب سے طبی امداد اور علاج فراہم کیا گیا ہے جن میں سے پندرہ سو چالیس مظاہرین کو تربیۃ اسکوائرمیں قائم کردہ میڈیکل کیمپ کے ذریعے ابتدائی طبی امداد اور علاج فراہم کیا گیا جبکہ 150 مظاہرین کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا اور 27 مظاہرین کے علاج کے لیے مختلف آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ بالا اعداد و شمار ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے کربلا میں زخمی ہونے والے مظاہرین کے بارے میں ہیں جبکہ باقی شہروں خصوصا ذی قار گورنینٹ میں الکفیل ہسپتال کی میڈیکل ٹیمیں زخمی مظاہرین کو مسلسل طبی امداد فراہم کر رہی ہیں
واضح رہے کہ الکفیل ہسپتال نے مظاہروں کے آغاز ہی سےمظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر متعدد بلامعاوضہ اقدامات شروع کر رکھے ہیں جو کہ درج ذیل ہیں۔
متعدد شہروں میں مظاہروں کے مقامات پر فری میڈیکل کیمپس کا قیام۔
طبی ماہرین اور عملے پر مشتمل میڈیکل ٹیموں کا قیام جو کہ مظاہرین کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔
ایمبولینس سروس۔
الکفیل ہسپتال میں زخمیوں کا علاج۔
واضح رہے کہ یہ تمام طبی خدمات اور سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جارہی ہیں۔