عراق کی موجودہ صورت حال کے بارے میں اعلی دینی قیادت آیت اللہ سید سیستانی (دام ظلہ) کا اصولی موقف

اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے خصوصی نمائندے اور روضہ مبارک حضرت عباس(علیہ السلام) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے (28 جمادى الأول 1441هـ) بمطابق (24 جنوری 2020ء) کو روضہ مبارک امام حسین (علیہ السلام) میں نماز جمعہ کی امامت کے فرائض سرانجام دیئے اور نماز جمعہ کے دوسرے خطبہ میں اعلی دینی قیادت کے نجف اشرف میں قائم دفتر کی طرف سے موصول ہونے والے پیغام کو عوام تک پہنچاتے ہوئے کہا:

بسم الله الرحمن الرحيم

میرے بھائیو اور میری بہنو، اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے نجف اشرف میں قائم دفتر کی طرف سے موصول ہونے والی تعلیمات کی روشنی میں، میں آپ کی خدمت میں ملک کے موجودہ مسائل کے بارے میں اعلی دینی قیادت کے موقف کو خلاصتًا بیان کرنا چاہتا ہوں کہ جس میں انھوں نے فرمایا ہے:

1: دینی قیادت اپنے بنیادی واصولی موقف میں عراق کی خودمختاری کے احترام، سیاسی فیصلوں میں اس کی آزادی اور اس کے زمینی اور عوامی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتی ہے، اور ان ناقابل تغییر قومی اصولوں پر اثرانداز ہونے والے ہر فریق کو مسترد کرتی ہے۔ عوام کو بیرونی ڈیکٹیشن سے دور رہتے ہوئے پرامن طریقے سے اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرنے اور ملکی خود مختاری کی حفاظت کے لیے مطالبات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

2: اعلی دینی قیادت اُن حقیقی اصلاحات کے نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیتی ہے کہ جن کا عوام مطالبہ کر رہی ہے اور اس خاطر انھوں نے بہت سی قربانیاں بھی دی ہیں۔ اعلی دینی قیادت کی نظر میں اس معاملے میں تاخیر اور سستی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی اور ملک میں سلامتی اور سیاسی عدم استحکام کو طول دینے کا باعث بنے گی۔

3: نئی حکومت کی تشکیل میں تاخیر آئینی طور پر طے شدہ مدت سے کافی تجاوز کر چکی ہے، لہذا متعلقہ مختلف فریقوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلے سے ذکر کردہ اصولوں کے مطابق اس فائل کو ختم کرنے کے لئے تعاون کریں، کیونکہ موجودہ بحران کے حل کے لئے یہ ایک اہم قدم ہے۔ دینی قیادت نے ایک بار پھر تمام عراقی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مشکل دور میں اپنے وطن کو گھیرنے والے خطرات کو سمجھنے کی کوشش کریں، اور عراقی عوام کے حال اور مستقبل کے اعلی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیادی معاملات اور درپیش چیلنجوں کے حوالے سے متفقہ موقف اختیار کریں۔ بیشک خدا ہی کامیابی عطا کرنے والا سرپرست ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: