روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی الکفیل یونیورسٹی سے وابستہ کالج آف ڈینٹسٹری نے طبی خدمات کے حوالے سے اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال 2019 کے دوران کالج کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو مفت طبی خدمات اور علاج فراہم کیا گیا ہے۔
الکفیل یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نورس محمد شهيد الدهّان نے کہا: روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے لوگوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے ملک کے مختلف علاقوں میں بہت سے ڈینٹل کلینکس قائم کیے گئے ہیں اور الکفیل کالج آف ڈینٹسٹری ان میں سے ایک ہے، جس میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اورطبی ماہرین پر مشتمل کمیٹی کے زیر نگرانی جدید ترین آلات، مشینوں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج معالجہ اور طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے دوران ہم لاکھوں مریضوں کو بلامعاوضہ طبی خدمات اور علاج فراہم کرنے میں کامیاب رہے جن میں بڑی تعداد ضرورتمند افراد اور شہداء کے خاندانوں کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کالج میں استعمال کیا جانے والامیڈیکل اور لوجسٹیکل مواد بین الاقوامی معیار کے مطابق اور وزارت صحت عراق سے منظور شدہ ہے۔
حفاظتی معیارات پر بات کرتے ہوئے کالج آف ڈینٹسٹری کے ڈین ڈاکٹر کریم مکتوب عطیہ نے کہا کہ سلامتی اور تحفظ کا اعلی ترین معیار ہمارے کام کرنے کے اصولوں اور طریقہ عمل کا اولین حصہ ہے۔ کالج کے پروفیسرز کے زیرنگرانی اور طبی عملے کی معاونت سے چوتھے اور پانچویں مرحلے کے طالب علم مریضوں کو علاج فراہم کرتے ہیں۔
الکفیل کالج آف ڈینٹسٹری کی ڈاکٹر خلود صافی نے کہا : ہمارے طلباء ایسے میڈیکل اور لوجسٹک مواد پر انحصار کرتے ہیں جو کالج کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے خریدا جاتا ہےاور بین الاقوامی معیار کا حامل اور طلب علموں اور مریضوں دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہم مریض کا علاج شروع کرنے سے لے کر علاج مکمل کرنے تک ضرورت کے تمام اوزار، سامان اور ادویات فراہم کرتے ہیں۔