روضہ مبارک عباس علیہ السلام کے گائیڈنس اینڈ سپورٹ ڈویژن کی کاظمیہ میں موجود علاقائی یونٹ اور اس سے منسلک مواکب کی جانب سے شہداء کے خاندانوں اور ضرورت مند خاندانوں کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کے لیےالوفاء چیریٹی مارکیٹ لگائی گئی ہے۔ یہ چیریٹی مارکیٹ دارالحکومت بغداد کی انتظامیہ حدود میں نہروان، دیالا اور الزفرانیا کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہداء کے لواحقین اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے خصوصی طور پر لگائی گئی ہے جس سے 700 خاندان مستفید ہوں گے۔
کاظمیہ یونٹ کے سربراہ الحاج أبو أمين الفرطوسيّ نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لگائی جانے والی یہ چیرٹی مارکیٹ ہمارے ان رفاہی و خدماتی کاموں کا تسلسل ہے جوہم شہداء کے خاندانوں کا مالی بوجھ کم کرنے، عظیم قربانیاں پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرنے اور ان سے اظہار یکجہتی کیلئےملک کے مختلف حصوں میں کرچکے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس رفاہی بازار میں شہداء اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے اشیائے خوردونوش، کپڑے، گھریلو سامان اور دیگر ضروری اشیا رکھی گئی ہیں تاکہ ضرورت مند افراد اور شہداء کے اہل خانہ ایک باوقار انداز میں اس مارکیٹ سے مستفید ہو سکیں۔
ڈویژن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جناب قاسم المعموری نے الکفیل نیٹورک سے بات کرتے ہوئے کہا : یہ رفاہی بازار کاظمیہ یونٹ اور اس سے منسلک مواکب کی جانب سے لگایا گیا ہے اور اہل مواکب اس کار خیرمیں ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوششوں میں ہیں۔ یہ مومنین الکفیل اور ابوالفضل عباس کے بیجز سینوں پر سجائے شہداء کے خاندانوں اور ضرورت مند افراد کو اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہمارا وفد آج بغداد پہنچا ہے تاکہ ہم کاظمیہ یونٹ اور ان سے منسلک مواکب کے اس عظیم کام اور فلاح و بہبود کی کوششوں میں ان کے ساتھ شریک ہو سکیں۔
واضح رہے کہ کاظمیہ یونٹ ناصرف شہداء کے لواحقین اور ضرورت مند افراد کو امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ شہدا کے خاندانوں اور ضرورت مند افراد کی معاشی بحالی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے اور مختلف اضلاع میں خدمات پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور پاپولر موبلائزیشن کے جوانوں کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔