پندرہویں سالانہ ربیع الشہادہ ثقافتی سیمینار کے ضمن میں خواتین کی تقریبات کا آغاز

ہر سال روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے ماہ شعبان کے آغاز میں امام حسین(ع)، حضرت عباس(ع)، امام سجاد(ع) اور دیگر انوار محمدیہ کے جشن میلاد کی مناسبت سے ایک عالمی سیمینار منعقد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے علمی، فکری، دینی، ثقافتی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہیں اور سیمینار کے ضمن میں خواتین کی تقریبات بھی منعقد ہوتی ہیں۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی پندرھویں ربیع الشہادہ ثقافتی سیمینار کے ضمن میں خواتین کی متعدد تقریبات شامل ہیں جن کا آغاز آج بروز بدھ 4 شعبان 1440ھ بمطابق 10 اپریل 2019ء کو روضہ مبارک امام حسین(ع) کے خاتم الانبیاء(ص) ہال میں ہوا، کہ جس میں عراق اور بیرون ملک سے تشریف لائی ہوئيں خواتین سکالرز ، تعلیم، ثقافت، انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد روضہ مبارک امام حسین(ع) کے مسلم فیملی انسٹی ٹیوٹ کی انچارج محترمہ سیدہ رفاہ الحکیم نے کربلا کے دونوں مقدس روضوں کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا، خطاب کے دوران محترمہ رفاہ حکیم کا کہنا تھا کہ رسول خدا(ص) کے نزدیک امام حسین(ع) کی بہت زیادہ قدر و منزلت ہے اور ہم رسول خدا(ص) کی حدیث سے یہ بخوبی جان سکتے ہیں کہ امام حسین(ع) رسول خدا(ص) کی ذات اقدس کا جزء ہیں بلکہ رسول خدا(ص) ہی وہ ہستی ہیں کہ جنہوں نے امام حسین(ع) کے کربلا کے مصائب پر عزاداری کا آغاز کیا، یہ رسول خدا(ص) ہی ہیں کہ جنہوں نے فرمایا؛ حسین منی وانا من حسین۔ یعنی: حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ حسین میرے پیغام کا جزء ہے اور امام حسین(ع) کے مصائب حقیقت میں اسلام کے مصائب ہیں۔

اس کے بعد عرب خواتین کے وفود کی نیابت میں لبنان سے تعلق رکھنے والی محترمہ ام کلثوم یاسر سبلانی نے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں حاضرین کو اس مبارک مناسبت کی مبارکباد پیش کی اور اس سیمینار کے ضمن میں خواتین کی کامیاب تقریبات سراہا۔

اس کے بعد سیمینار میں شرکت کرنے والی عیسائی خواتین کے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے اٹلی کی مشہور مصورہ كلوديا بورجا نے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں امام حسین علیہ السلام کی سیرت اور قیام کے بارے میں گفتگو کی۔

اس تقریب کے آخر میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی شاعرہ أسمهان آل تراب اور عراق سے تعلق رکھنے والی شاعرہ ڈاکٹر إسراء الكرعاوي نے امام حسین(ع)، امام سجاد(ع) اور حضرت عباس(ع) کی شان میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس تقریب اور اس میں ہونے والے خطابات سے مزید آگاہی کے لیے مندرجہ ذیل لنکس استعمال کریں:

https://alkafeel.net/news/index?id=8166

https://alkafeel.net/news/index?id=8167

https://alkafeel.net/ar-news/index?id=8168
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: